متحد رہنے پر ایرانی عوام ستائش کے مستحق : پوٹن

   

ماسکو، 6 جون (یو این آئی) روس کے صدر ولادیمیر پوتن نے کہا ہے کہ ایران کو اس بات پر داد دینی چاہیے کہ وہ اسرائیلی امریکی حملوں کے نتیجے میں اندرونی طور پر تقسیم نہیں ہوا بلکہ متحد رہا۔ روسی صدر نے اپنے بیان میں کہا کہ ایرانی سوسائٹی مسلسل مضبوط ہو رہی ہے ، ایرانی قیادت نے عوام سے اپیل کی تھی کہ ملک کے لیے جان قربان کریں اور 50 لاکھ افراد نے وطن پر جان قربان کرنے کے لیے لبیک کہا، یہ ہمیشہ یاد رکھا جانا چاہیے ۔ انہوں نے کہا کہ نہ توایران نے کبھی روس سے اسلحہ مانگا اور نہ روس نے ایران کو اسلحہ دیا۔ دریں اثنا، ترک نیوز ایجنسی کے مطابق، روسی صدر ولادیمیر پوتن نے جمعرات کے روز سینٹ پیٹرزبرگ میں عالمی خبر رساں اداروں کے نمائندوں سے ملاقات کے دوران کہا کہ ایران کے گرد جاری تنازع ایک عالمی بحران بن چکا ہے ، جس نے امریکہ کی توجہ یوکرین سے ہٹا دی ہے ۔ انھوں نے کہا ”یوکرین کا بحران مقامی نوعیت کا ہے ، جب کہ ایران کے گرد پیدا ہونے والی صورت حال عالمی نوعیت اختیار کر چکی ہے ۔”