مجالس مقامی انتخابات میں ٹی آر ایس کی جیت یقینی

   

تمام قائدین کو سرگرم ہوجانے کا مشورہ ،ٹی آر ایس عاملہ کمیٹی کے اجلاس سے کے سی آر کا خطاب

حیدرآباد ۔15اپریل ( سیاست ڈاٹ کام ) چیف منسٹر تلنگانہ کے چندر شیکھرراؤ نے آج اپنی پارٹی کی عاملہ کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے تمام وزراء ،ارکان اسمبلی وقانون ساز کونسل کے علاوہ پارٹی کے تمام قائدین پر زور دیا ہے کہ وہ مجالس مقامی کے انتخابات کیلئے تیار ہوجائیں اور ٹی آر ایس کی کامیابی کو یقینی بنانے کیلئے عوامی رابطوں کا آغاز کیا جائے ۔ ٹی آر ایس کے ذرائع کے مطابق کے سی آر نے اس یقین کا اظہارکیا کہ لوک سبھا انتخابات میں ان کی پارٹی کو توقع سے زیادہ بہترین کامیابی حاصل ہوگی اور مرکز میں آئندہ حکومت کے قیام میں کلیدی رول ادا کرے گی ۔ کیونکہ این ڈی اے اور یو پی اے کو 200سے زائد نشستیں حاصل نہیں ہوسکیں گی ۔ چنانچہ علاقائی جماعتوں پر مشتمل فیڈرل فرنٹ ہی آئندہ حکومت تشکیل دینے کے موقف میں رہے گا ۔ انہوں نے پارٹی قائدین اور ورکرس پر زور دیاکہ مجالس مقامی کے انتخابات میں پارٹی امیدواروں کو کامیاب بنانے کیلئے سرگرم ہوجائیں تاکہ گذشتہ سال ڈسمبر میں اسمبلی انتخابات میں حاصل ہونے والی جیت کا سلسلہ بدستور برقرار رکھاجاسکے ۔ انہوں نے کہا کہ ٹی آر ایس حکومت کی فلاحی اسکیمات کے سبب عوام نے حکومت پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا ہے چنانچہ عوای رابطوں میںشدت پیدا کرتے ہوئے اسکیمات سے واقف کروایا جائے تاکہ وہ فلاحی اسکیمات کے ثمرات سے استفادہ کرسکے ۔