مجالس مقامی کو مرکز سے راست فنڈس کی اجرائی کی مخالفت افسوسناک

   

کے سی آر کے بیان کی مذمت ، اتم کمار ریڈی کی پریس کانفرنس
حیدرآباد۔19۔ مئی (سیاست نیوز) کانگریس رکن پارلیمنٹ اتم کمار ریڈی نے مرکز کی جانب سے پنچایتوں کو راست فنڈس کی اجرائی کے خلاف چیف منسٹر کے سی آر کے بیان کی مذمت کی ہے۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے اتم کمار ریڈی نے کہا کہ چیف منسٹر کا بیان جمہوریت اور دستور کی روح کے خلاف ہے۔ سابق وزیراعظم راجیو گاندھی نے پنچایت راج اداروں کو مستحکم کرنے کیلئے مرکز سے راست فنڈس جاری کرنے کا فیصلہ کیا اور گزشتہ 30 برسوں سے یہ روایت برقرار ہے۔ انہوں نے کہا کہ مرکز کی جانب سے پنچایتوں کو راست فنڈس کی اجرائی سے ترقیاتی کاموں میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر ریاست میں مجالس مقامی کو نظر انداز کرچکے ہیں اور ترقیاتی فنڈ سے محروم کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مرکز کے فنڈس کے استعمال کا حق پنچایت راج اداروں کو ہے۔ ریاستی حکومت کو اس بارے میں مداخلت سے گریز کرنا چاہئے ۔ راجیو گاندھی نے پنچایت راج اداروںکو مستحکم کرنے کیلئے راست فنڈس کی اجرائی کا آغاز کیا تھا ۔ انہوں نے کہا کہ سرپنچ ، ایم پی پی اور ایم پی ٹی سی کے علاوہ زیڈ پی ٹی سی کو زائد اختیارات دیئے جائیں۔ کانگریس پارٹی چیف منسٹر کے بیان کی مذمت کرتی ہے۔ کانگریس پارٹی ہمیشہ مجالس مقامی کے استحکام کے حق میں رہی ہے۔ اتم کمار ریڈی نے کہا کہ آئندہ پارلیمنٹ سیشن میں وہ پنچایتوں کو راست فنڈس کی اجرائی کیلئے مرکز سے نمائندگی کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں کے سی آر حکومت کی غلط پالیسیوں کے نتیجہ میں مجالس مقامی اور سرپنچوں کو مسائل کا سامنا ہے۔ بلز کی عدم ادائیگی کے سبب کئی کسانوں نے خودکشی کرلی۔ ر