مجلس ،کانگریس حکومت کی مکمل تائید و حمایت کرتی ہے

   

آئندہ بھی ریاست میں کانگریس کی حکومت قائم ہوگی : اکبر الدین اویسی
حیدرآباد ۔ 15 ۔ مارچ : ( سیاست نیوز) : مجلس کے فلور لیڈر اکبر الدین اویسی نے کہا کہ مجلس کانگریس حکومت کی مکمل تائید و حمایت کرتی ہے ۔ آئندہ بھی ریاست میں کانگریس کی حکومت قائم ہوگی ۔ فرقہ پرستوں اور برسوں ریاست کو لوٹنے والوں کو ہم دوبارہ اقتدار پر آنے نہیں دیں گے ۔ پرانے شہر کی ترقی کے لیے 200 کروڑ روپئے جاری کرنے کا حکومت سے مطالبہ کیا ۔ ائمہ موذنین کے بقایا جات فوری جاری کردینے پر زور دیا ۔ اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے اکبر الدین اویسی نے کہا کہ سابق چیف منسٹر نے اقلیتوں کو ہتھیلی میں جنت دکھائی ۔ پرانے شہر کی ترقی کے لیے کئی وعدے کئے مگر وعدوں کو نبھانے میں ناکام رہے ۔ انہوں نے کہا کہ تاحال اقلیتی بجٹ میں صرف 1003 کروڑ روپئے جاری کئے گئے ۔ جس میں بڑا حصہ 700 کروڑ روپئے ٹمریز پر خرچ کیا گیا فیس ری ایمبرسمنٹ اور اسکالر شپس وہ فوری جاری کردینے پر زور دیا ۔ اکبر الدین اویسی نے کہا کہ ماہ رمضان جاری ہے ائمہ و موذنین مشاہرے کے بقایا جات جاری نہیں ہوئے ۔ ٹمریز کی عمارتوں کا 9 ماہ سے کرایہ ادا نہیں کیا گیا ۔ کم از کم 3 ماہ کا کرایہ جاری کرنے کی اپیل کی ۔ پرانے شہر اور حیدرآباد میں ٹریفک مسائل کا جائزہ لینے کے لیے حیدرآباد کے ارکان اسمبلی کا ایک اجلاس طلب کرنے کا مطالبہ کیا ۔ حکومت کی منشیات کے خلاف شروع کردہ مہم قابل ستائش ہے جس کی مجلس مکمل تائید و حمایت کرتی ہے ۔ سلم علاقوں میں پولیس آوٹ پوسٹس قائم کرنے اور اسکولس و کالجس کے پاس موجود پان شاپس پر نظر رکھنے کا حکومت سے مطالبہ کیا ۔ فروٹ مارکٹ کا بھی مسئلہ بھی پیش کیا ۔ انٹیگریٹیڈ اسکولس کے قیام کے لیے 25 ایکر اراضی کا جو لزوم ہے ۔ شہر میں سرکاری اراضیات اتنے بڑی تعداد میں دستیاب نہ ہونے کا دعویٰ کرتے ہوئے قواعد میں ترمیم کرنے کا مطالبہ کیا آروگیہ شری اسکیم میں ڈائیلاسیس کے مریضوں کو بھی شامل کرنے کی اپیل کی ۔ چارمینار پیدل راہرو پراجکٹ کو جلد از جلد مکمل کرنے پر زور دیا ۔ لال دروازہ کی مندر کو ترقی دینے کے لیے 20 کروڑ روپئے جاری کرنے کا مطالبہ کیا اور کہا کہ مندر کا کام بھگوان ایک مسلم سے لے رہا ہے ۔ مہاویر جینتی کو تعطیل دینے کا حکومت سے مطالبہ کیا ۔۔ 2