مجلس کے رکن اسمبلی جعفر حسین معراج کیخلاف یاقوت پورہ کے عوام کی شدید برہمی

   

نالے کے کاموں میں تاخیر پر عوام اور ایم ایل اے کے حامیوں کے درمیان ہاتھا پائی
حیدرآباد۔ 13جون (سیاست نیوز) ذمہ داریوں سے غفلت اور لاپرواہی کرنے والے ارکان اسمبلی کے خلاف عوام میں ناراضگی بڑھتی جارہی ہے جس کی تازہ مثال کل اسمبلی حلقہ یاقوت پورہ میں دیکھنے کو ملی۔ مقامی عوام نے نالہ کے کاموں میں تاخیر پر مجلس کے رکن اسمبلی جعفر حسین معراج کے خلاف برہمی کا اظہار کیا۔ عوام اور رکن اسمبلی کے حامیوں کے درمیان ہاتھا پائی کی نوبت تک آگئی۔ یہ واقعہ تلنگانہ بھر میں موضوع بحث بن چکا ہے۔ مقامی عوام نے شکایت کی کہ مولا کا چھلہ کے مقام پر نالے کے کاموں کو زیرالتواء رکھنے کی وجہ سے بارش کا پانی اُن کے گھروں میں داخل ہورہا ہے۔ اس مسئلہ پر پہلے بھی رکن اسمبلی جعفر حسین معراج سے نمائندگی کی گئی تھی، لیکن انہوں نے اس پر کوئی توجہ نہیں دی اور زیرالتواء کاموں کو مکمل کرایا۔ مجلس کے رکن اسمبلی جب اس نالے کا معائنہ کرنے پہنچے تو مقامی عوام نے ان پر برہمی ظاہر کی اور مسائل کو فوری حل کرنے کا بھی مطالبہ کیا۔ اس اچانک پیدا شدہ صورتحال پر جعفر حسین معراج حیرت زدہ رہ گئے اور کوئی مناسب بات نہیں کرپائے۔ مجلس کے رکن اسمبلی جب بارش کی وجہ سے مختلف علاقوں میں پانی جمع ہونے کا جائزہ لے رہے تھے تو عوام نے اُن پر سوالات کا بوچھار کردی۔ دیکھتے ہی دیکھتے بحث و تکرار ہاتھا پائی تک پہنچ گئی۔ ایم ایل اے کے حامیوں نے مقامی عوام پر حملہ بھی کیا۔ مسائل کے بارے میں سوالات کرنے پر رکن اسمبلی جعفر حسین معراج نے اپنے حامیوں کے ذریعہ اُن پر حملہ کرانے کا عوام نے الزام عائد کیا۔ مقامی عوام نے کہا کہ ان کے مسائل کی یکسوئی تک وہ اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔ ایم ایل اے اور ان کے حامیوں کی غنڈہ گردی کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا اور نہ ہی خوف زدہ ہوکر خاموشی اختیار کریں گے بلکہ مسائل کے حل پر زور دیتے رہیں گے۔2