محبت رسول ؐکے آسانی سے دعوے لیکن عملی میدان میں مسلمان بہت پیچھے

   

نبیﷺ کے پیغام کو حکمت عملی کے ساتھ عام کرنا ضروری ، ناگرکرنول میں جلسہ ، مفتی سیدصغیر احمد نقشبندی شیخ الحدیث جامعہ نظامیہ کا خطاب
ناگرکرنول 19؍ اکٹوبر ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) سیرت النبی ﷺ کو نئی نسل تک پہنچانا وقت کا اہم تقاضہ ہے۔نبی ﷺ کی سیرت کو اپنانا محبت کی عین علامت ہے۔ ان خیالات کا اظہار حضرت مولانا مفتی صغیر احمد نقشبندی ،شیخ الحدیث جامعہ نظامیہ حیدرآباد نے کیا ۔ انتظامی کمیٹی مسجدِ معراج ناگرکرنول کے زیرِ اہتمام ، صدرانتظامی کمیٹی الحاج محمد مبین احمد خان کی صدارت میں مسجدِ معراج ناگرکرنول میں منعقدہ جلسہ میلاد النبی ﷺ میں بحیثیت مہمانِ خصوصی شرکت کرتے ہوئے خطاب کیا۔قبل ازیں انتظامی کمیٹی مسجدِ معراج ناگرکرنول کے زیرِ اہتمام16؍ اکٹوبر، بروزِ اتوار صبح 10 تا 12:30 بجے تک، یاسین پلازہ ، نزد مسجدِ معراج ناگرکرنول میں منعقدہ سیرت النبیﷺ ٹیلنٹ سرچ ٹسٹ میںکامیاب طلبہ میں انعامات کی تقسیم عمل میں آئی ۔ تقریبًا 400 طلبہ نے اردو ، رومن انگلش اور تلگو زبانوں میں امتحان دیا۔امتحان کا انعقاد اور پرچوں کی جانچ کا اہتمام پروفیشنل انداز میں شفاف طریقہ ٔ کار سے کیا گیا۔ حافظ محمد نجم الدین نائب امام مسجدِ معراج کی قرأت کلامِ پاک سے جلسہ کا آغاز ہو،کمسن نعت خواں محمد فریس احمد خان، محمد حسان علی، محمد مختاراحمد، محمد سمیر نے بارگاہِ نبوت ﷺ میں نعتِ شریف کا نذرانہ پیش کیا۔حافظ محمد محبوب علی امام و خطیب مسجدِ معراج نے نظامت کے فرائض انجام دئے ۔اس موقع پر مولانا مفتی صغیر احمد نقشبندی ،شیخ الحدیث جامعہ نظامیہ حیدرآباد نے اپنے خطاب میں مسلمانوں کو اپنے دل میں حبِ نبیﷺ کو پیوست کرنے اور اپنے بچوں میں اپنے رسول ﷺ کی عظمت کو بٹھانے کی تلقین کرتے ہوئے کہاکہ آج محبت رسول ﷺ کا دعوٰی تو آسانی سے کرلیتے ہیں لیکن عملی میدان میں مسلمان بہت پیچھے ہیں۔ انہوں نے دینی معالات میں حکمت عملی سے جواب دینے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ آج ہمارے نبی ﷺ کے پیغام اور سیرت کو عام کرنا ضروری ہے۔انہوں نے صحابہ کرام رضی اللہ تعالیٰ عنھم اجمعین کی جانب سے حبِ نبی ﷺ کے عملی مظاہرے کے واقعات کو سامعین کی نذرکرتے ہوئے عامۃ المسلمین کو عملی میدان کی طرف گامزن ہونے کی تاکید کی۔مولانا نے سیرت النبی ﷺ کے انعقاد پر ستائیش کرتے ہوئے اس عمل کو قابلِ تقلید قرار دیا اور معاونین کو مبارکباددی۔ اس موقع پر انتظامی کمیٹی کے معتمد جناب محمد اسحاق، نائب صدر محمد احمد، خازن الحاج شیخ مولا پیراں، مشیر جناب محمد جہانگیر، محمد رحیم الدین کے علاوہ صدرانتظامی کمیٹی جامع مسجد جناب محمد زین العابدین ، صدرانتظامی کمیٹی مسجدِ محفوظ بن محفوظ جناب محمد محمودعلی ،صدر ضلع حج سوسائٹی ناگرکرنول الحاج شیخ فرید احمد ،معتمد الحاج محمد ابراہیم نقشبندی القادری،مولانا شاکر صدیقی خطیب جامع مسجد ناگرکرنول کے علاوہ دیگر موجود تھے۔