احمد آباد۔ محبت کے معاملے میں ایک نوجوان کواغوا کرنے کے بعد بے رحمی کے ساتھ مارپیٹ کرنے والے تین سے چار شر پسندوں کوگجرات کے پالن پور کی پولیس تلاش کررہی ہے۔
بعدازاں مذکورہ نوجوان زخموں سے جانبر نہ ہوسکا۔بانساکنتا ضلع ایس پی اکشے راج مکاوانا نے جمعہ کے روز میڈیا کے نمائندو ں کو بتایاکہ”آریان مودی کے مرتے وقت دئے گئے بیان کے بموجب جمعرات کی دوپہر کو تین سے چار افراد نے اس کو اغوا کیا‘ کیونکہ اس کا ایک لڑکی کے ساتھ معاشقہ چل رہا تھا“۔
انہوں نے اس کو ایک سنسان مقام پرلے گئے‘ وہاں پر پہلے آریان کی پیٹائی کی اور پھر اس کو کچھ مائع پینے کے لئے مجبور کیا۔ بعدازاں اس کو سڑک پر چھوڑ کر چلے گئے جس کے بعد وہ گھر واپس لوٹا تھا۔
مکاوانا نے کہاکہ اس کی خراب حالت کودیکھ کر آریان کے گھر والے اسے اسپتال لے کر گئے۔معاملے کی جانکاری جب پولیس کو ملی تو ایکزیکٹیو مجسٹریٹ کی موجودگی میں پہلے آریان کا بیان قلمبند کیا۔ بعدازاں آریان زخموں سے جانبرنہ ہوسکا۔ ملزمین کو پکڑنے کے لئے پولیس نے چار ٹیموں کی تشکیل عمل میں لائی ہے۔