محبوبہ مفتی کی رہائی کیلئے اجتماعی آواز بلند کریں:چدمبر م

   

نئی دہلی : کانگرس کے سینئر رہنما پی چدمبرم نے جموں و کشمیر کو خصوصی درجہ دینے والے آرٹیکل 370 کی دفعات کو ختم کرنے کے ایک سال مکمل ہونے کے موقع پر مرکزی حکومت پر حملہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ سابق وزیراعلیٰ محبوبہ مفتی اور نظر بند کئے گئے دیگر افراد کی رہائی کے مطالبہ کے لئے اجتماعی آواز اٹھائی جانی چاہئے۔سابق وزیر داخلہ نے جمعرات کو ٹویٹ کیا کہ آج 6 اگست ہے ، تمام سیاسی جماعتیں اور صحیح سوچ وا لے شہری براہ کرم اس مجازی جیل کے بارے میں سوچیں جس میں 75 لاکھ کشمیری گذشتہ ایک سال سے مقیم ہیں۔انہوں نے دعویٰ کیا کہ دنیا ہندوستان میں انسانی حقوق کی پامالیوں کا مشاہدہ کررہی ہے۔ ایک آزاد اور جمہوری ملک کی حیثیت سے ہندوستان کا شاندار ریکارڈ ہر روز کم ہورہا ہے۔چدمبرم نے کہا کہ ہم سب کو اپنی اجتماعی آواز بلند کرنا چاہئے اور مطالبہ کرنا چاہئے کہ محبوبہ مفتی کو جلد از جلد رہا کیا جائے اور ان نظر بند افراد کو چھوڑ جائے جو آئین کے تحت اس کے حقدار ہیں۔در اصل گذشتہ سال 5 اگست کو حکومت نے جموں و کشمیر کو خصوصی درجہ دینے کے آرٹیکل 370 کی زیادہ تر شقوں کو ختم کردیا تھا۔ اس دوران سابق وزرائے اعلیٰ فاروق عبداللہ ، عمر عبد اللہ ، محبوبہ مفتی اور دیگر کئی مرکزی دھارے کے رہنماؤں کو حراست میں لیا گیا۔ اب فاروق اور عمر کو رہا کر دیا گیا ۔