محبوب گنج مارکٹ ملک پیٹ بند کردی گئی

,

   

کورونا کے پانچ پازیٹیو کیس ہونے کی اطلاع کے بعد اقدام
حیدرآباد ۔ /30 اپریل (سیاست نیوز) شہر کی مشہور محبوب گنج مارکٹ ملک پیٹ کو آج جی ایچ ایم سی اور محکمہ صحت کے حکام نے بند کردیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ اس مارکٹ میں پانچ کورونا وائرس کے کیسیس پائے جانے پر یہ کارروائی کی گئی ۔ آج دوپہر چادرگھاٹ پولیس کی پٹرولنگ گاڑیوں نے مارکٹ پہونچ کر دوکانات و ہول سیل مارکٹ کو بند کرنے کے احکامات جاری کئے اور لاؤڈ اسپیکر کے ذریعہ بھی دوکانوں کو فوری بند کرنے کا اعلان کیا ۔ بلدی حکام نے گنج کو بند کرنے باب الداخلہ پر رکاوٹ نصب کردیئے اور پولیس پکٹ تعینات کردی گئی ۔ مارکٹ اچانک بند کرنے پر تاجرین میں تشویش پیدا ہوگئی اور عوام پریشان ہوگئے ۔ بتایا جاتا ہیکہ محبوب گنج مارکٹ سے 5 کورونا پازیٹیو کیس ملنے کے بعد حکام نے اسے چند دنوں کیلئے بند کرنے کا فیصلہ کیا اور مارکٹ کو سنیٹائز کیا جائیگا ۔ ذرائع نے بتایا کہ محبوب گنج میں سماجی فاصلہ کے لزوم پر عمل نہیں کیا جارہا تھا اور گاہک جتھے کی شکل میں خریدی کر رہے تھے اور بعض دوکان مالکین بھی اس پر عمل نہیں کر رہے تھے ۔ واضح رہے کہ محبوب گنج میں پیاز کی ہول سیل مارکٹ کو پٹن چیرو منتقل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ محبوب گنج مارکٹ کمیٹی چیرمین شریمتی رادھا لکشمی نے کہا کہ کورونا وائرس کے مصدقہ کیسیس پائے جانے پر مارکٹ کو عارضی طور پر بند کیا گیا اور اسے سینیٹائز کیا جارہا ہے ۔