محدود عازمین کے ساتھ حج کیلئے رجسٹریشن شروع

,

   

سعادت حج کا 70 فیصد موقع تارکین وطن کیلئے مختص، جمعہ تک رجسٹریشن اور اتوار کو قرعہ اندازی

ریاض: سعودی عرب کی وزارت حج اور عمرہ نے رواں سال حج کی سعادت حاصل کرنے کے خواہشمند عازمین کیلئے رجسٹریشن اپنی ویب سائیٹ کے ذریعہ پیر کو شروع کردیا ہے۔ لگ بھگ 10,000 عازمین میں سے 70 فیصد سعودی سلطنت میں مقیم تارکین وطن ہوں گے جبکہ بقیہ 30 فیصد حصہ سعودی شہریوں کیلئے مختص کیا گیا ہے۔ سعودی عرب نے اس سال کورونا وائرس وباء کے تناظر میں صرف 10,000 اندرون ملک مقیم عازمین کو حج کی اجازت دینے کا فیصلہ کیا ہے ۔ وزارت نے ایک بیان میں کہا کہ تارکین وطن کے لئے رجسٹریشن ویب سائیٹ
localhaj.haj.gov.sa

پر پیر کو شروع ہوچکا اور جمعہ 10 جولائی کو اختتام پذیر ہوگا۔ حج کیلئے قرعہ اندازی اتوار 12 جولائی کو مقرر ہے۔ سعودی پریس ایجنسی نے وزارت کے ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ اس سال ادائیگی حج کی اجازت دینے کے لئے اہم کسوٹی اچھی صحت رہے گی۔ سعودی شہریوں میں صرف شعبہ صحت سے تعلق رکھنے والے اور سیکوریٹی پرسونل جو کورونا وائرس سے صحت یاب ہوچکے ، انہیں حج ادا کرنے کی اجازت دی جائے گی۔ ان کا انتخاب سرکاری ڈیٹا کی جانچ کے ذریعہ کیا جائے گا۔ اہل تارکین وطن کا سلیکشن اور ان کا ادائیگی حج کورونا وائرس کے احتیاطی تدابیر کی سخت تعمیل کے ساتھ ہوگا۔ 20 اور 50 سال کی عمر کے درمیان والے تارکین وطن ہی درخواست دے پائیں گے جبکہ ان کا کوئی بھی دائمی مرض سے پاک ہونا بھی ضروری ہوگا۔ درخواست گزاروں کو حلفنامہ داخل کرنا ہوگا کہ وہ ذیابیطس ، بلڈ پریشر ، امراض قلب اور تنفسی مسائل سے متاثر نہیں ہیں اور نہ ہی کورونا وائرس کے انفیکشن میں مبتلا ہیں۔ نیز ان میںکورونا لاحق ہونے کی کوئی علامتیں بھی نہیں ہیں۔