نئی دہلی : سعودی عرب کے وزیراعظم و شہزادہ ولیعہد محمد بن سلمان توقع ہیکہ آئندہ ماہ ہندوستان کا دورہ کریں گے۔ ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا ہیکہ انڈونیشیا کے بالی میں G-20 اجلاس میں شرکت کیلئے وہ 14 نومبر کو ہندوستان کے راستے جائیں گے۔ بتایا گیا ہیکہ وہ وزیراعظم ہند نریندر مودی کی دعوت پر ہندوستان کا دورہ کررہے ہیں۔ یہ دورہ ایک روزہ ہوگا۔ قبل ازیں سعودی عرب کے وزیرتوانائی عبدالعزیز بن سلمان گذشتہ ہفتہ ہندوستان کا دورہ کرچکے ہیں جس وقت اوپیک نے تیل کی پیداوار میں کمی کا فیصلہ کیا تھا۔ اسلام آباد سے موصولہ اطلاع کے مطابق سعودی عرب کے وزیراعظم محمد بن سلمان آئندہ ماہ پاکستان کا بھی اہم دورہ کرنے والے ہیں۔ اگرچیکہ حکام نے اس دورہ سے متعلق کچھ نہیں کہا ہے۔ ذرائع کے مطابق دونوں ممالک اس دورہ کی تیاری کررہے ہیں۔ بتایا گیا ہیکہ وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے جولائی میں اپنے دورہ سعودی عرب کے موقع پر محمد بن سلمان کو پاکستان کا دورہ کرنے کی دعوت دی تھی۔