محمد ربانی کو تلنگانہ اسٹیٹ کلاسک پاور لفٹنگ میں پہلا مقام

   

حوصلہ افزائی کیلئے نیوز ایڈیٹر ’سیاست‘ جناب عامر علی خاں سے اظہار تشکر
حیدرآباد۔/23 مارچ، ( سیاست نیوز) انسان اگر محنت کرے، سنجیدگی سے کامیابی و کامرانی کے ہدف کی جانب اپنے قدم آگے بڑھائے ، سچائی و دیانتداری اور وقت کی قدر کرے تو پھر کامیابی اس کا مقدر بن جاتی ہے اور غربت بھی اس کی راہ میں حائل نہیں ہوسکتی۔ ایسا ہی کچھ فتح نگر بالا نگر کے رہنے والے نوجوان محمد ربانی کا معاملہ ہے۔ وہ ملک کے ابھرتے پاور لفٹر ہیں جنہوں نے چند ماہ قبل ہی سب جونیر نیشنل پاور لفٹنگ چمپین ہونے کا اعزاز حاصل کیا ہے اور اب انہوں نے تاریخی فتح میدان میں 16-19 مارچ کو منعقدہ تلنگانہ اسٹیٹ کلاسک پاور لفٹنگ چمپین شپ میں بھی شاندار مظاہرہ کیا۔ حاجی کریم اور عاصمہ بیگم کے اس فرزند نے 53 کلو گرام کے زمرہ میں پہلا مقام حاصل کیا۔ محمد ربانی نے اسکاٹ میں 110 کلو گرام بنچس میں 75 کلو گرام اور ڈیڈلفٹ میں 177.5 کلو گرام جملہ 362.5 کلو گرام وزن اٹھایا۔ یہ مقابلہ تلنگانہ پاور لفٹنگ اسوسی ایشن ملحقہ پاور لفٹنگ انڈیا، تلنگانہ اولمپک اسوسی ایشن اسپورٹس اتھارٹی آف تلنگانہ کی جانب سے کیا گیا تھا۔ محمد ربانی نے بتایا کہ ان کی پیشہ ورانہ تربیت یا ٹریننگ میں آنند راج کا اہم کردار رہا جبکہ نیوز ایڈیٹر’سیاست‘ جناب عامر علی خاں بھی ان کی حوصلہ افزائی میں کوئی کسر باقی نہیں رکھ رہے ہیں۔ امید ہے کہ محمد ربانی ایشین چمپین شپ میں بھی حصہ لیں گے۔ محمد ربانی نے جناب عامر علی خاں اور آنند راج کا بطور خاص شکریہ ادا کیا۔