نئی دہلی، 2؍اکتوبر (سیاست نیوز) دہلی ہائی کورٹ نے این آئی اے کیس کے ملزم محمد شہزاد کمال کو پانچ سال سے زائد عرصے تک حراست میں رہنے اور مقدمے کی آئندہ قریبی مدت میں تکمیل کے امکانات نہ ہونے کے پیشِ نظر ضمانت منظور کرلی ہے۔ یہ ضمانت ایسوسی ایشن فار پروٹیکشن آف سول رائٹس (اے پی سی آر) کی جانب سے پیروی کے بعد ملی ہے۔جسٹس نوین چاولہ اور جسٹس ارون بھاردواج پر مشتمل دہلی ہائی کورٹ کی ڈویڑن بینچ نے یکم اکتوبر 2026 کو محمد شہزاد کمال بنام این آئی اے کے درمیان مقدمے میں فیصلہ سنایا۔ عدالت کے سامنے اپیل خصوصی این آئی اے عدالت کے29/ مئی 2024 کے اس حکم کے خلاف دائر کی گئی تھی جس کے ذریعے شہزاد کمال کی ضمانت کی درخواست مسترد کردی گئی تھی۔محمد شہزاد کمال کو 13/اگست ?2021 کو گرفتار کیا گیا تھا اور اس کے بعد سے ہی وہ تہاڑ جیل میں عدالتی حراست میں تھے۔