امریکی سنٹرل کمان کی جانب سے ایران کے دعوی کی تردید ۔ طیارہ محفوظ رہنے کا ادعا ۔ میزائیل داغنے کا کوئی واقعہ پیش نہیں آیا
تہران 21 نومبر ( ایجنسیز ) ایران نے آج دعوی کیا ہے کہ ایک امریکی F – 16 لڑاکا طیارہ کو ایمرجنسی لینڈنگ کرنی پڑی ہے کیونکہ اسے ایران کے فضائی ڈیفنس سسٹم کے ذریعہ خلیج میں نشانہ بنایا گیا ہے ۔ امریکی سنٹرل کمان نے تاہم ایران کے اس دعوے کو جھوٹا قرار دیتے ہوئے مسترد کردیا ہے ۔ امریکی سنٹرل کمان نے کہا کہ ایران نے کسی امریکی F – 16 طیارہ کو نشانہ نہیں بنایا ہے ۔ یہ اطلاع جھوٹی ہے ۔ سنٹکام نے کہا کہ امرکی فوجی طیارے جو خلیج میں ہیں وہ اب بھی محفوظ ہیں اور ان کی گنتی کرلی گئی ہے ۔ اس سے قبل کہا گیا کہ ایرانی فوجی ائر ڈیفنس سسٹم نے دیکھا کہ ایک امریکی F – 16 لڑاکا طیارہ خلیج فارس میں موجود ہے اور اس پر ایک میزائیل داغا گیا ۔ ایران کے سرکاری ٹی وی نے یہ اطلاع دی تھی ۔ ایران کا دعوی تھا کہ اس کا میزائیل طیارہ کے قریب پھٹ پڑا تھا جس کے نتیجہ میں طیارہ کو نقصان ہوا تھا اور پائلٹ کو اس کا مشن روک دینا پڑا ۔ یہ طیارہ بعد میں قریبی دستیاب فضائی پٹی کی سمت موڑ دیا گیا اور وہاں اس نے ایمرجنسی لینڈنگ کی ۔ ایران نے فلائیٹ ٹریکنگ ڈاٹا پیش کرتے ہوئے دعوی کیا کہ اس لڑاکا طیارے نے متحدہ عرب امارات کے قریب ایمرجنسی کوڈ جاری کیا تھا اور اس کی بلندی میں تیزی سے کمی آئی تھی ۔ ایران کا دعوی ہے کہ امریکی طیارے نے الدھفرا ائر بیس ابو ظہبی پر لینڈنگ کی ہے ۔ قبل ازیں ایرانی فوج نے دعوی کیا تھا کہ اس کے فضائی ڈیفنس سسٹم نے ایک امریکی لڑاکا جیٹ طیارہ پر خلیج میں میزائیل داغا ہے ۔ ایرانی سرکاری میڈیا کے مطابق یہ میزائیل طیارے کے قریب پھٹ پڑا تھا اور طیارے کو نقصان ہوا ہے ۔ پائلٹ نے اپنا مشن ختم کردیا اور اس نے ایک قریبی ائرپورٹ پر ایمرجنسی لینڈنگ کی ہے ۔ اس سے قبل مارچ کے اواخر میں بھی ایران نے ایک امریکی F – 35 لڑاکا طیارہ کو میزائیل حملے کا نشانہ بنانے کا دعوی کیا تھا جب وہ ایران پر پرواز کر رہا تھا ۔ بعد میں سنٹکام نے توثیق کی تھی کہ اس کے ایک F – 16 لڑاکا طیارے کو ایک علاقائی ٹھکانہ پر ایمرجنسی لینڈنگ کرنی پڑی تھی ۔