یروشلم : فلسطینی صدر محمود عباس اور اسرائیلی وزیر دفاع بینی گینٹزکے درمیان ملاقات ہوئی ہے۔ فلسطینی قیادت اور اسرائیلی عہدیدار کے درمیان اس طرح کی ملاقات شازو نادر ہی ہوتی ہے۔ تاہم امریکی صدر جوبائیڈن کے متوقع دورے سے پہلے اس کی اہمیت اور بھی زیادہ ہے۔اسرائیلی اہلکارنے جمعہ کے روز اس ملاقات کے حوالے سے بتایا ہے کہ امریکی صدر کی آمد سے پہلے ضروری تیاری کے حوالے سے تبادلہ خیال پر مبنی ملاقات تھی۔ اس سے قبل اس طرح کا دو طرفہ رابطہ چھ ماہ پہلے ہوا تھا۔ اب یہ ملاقات جمعرات کو رات گئے ہوئی۔اسرائیلی وزیر دفاع کے دفتر کی طرف سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے ”ملاقات میں مسلمانوں کی عید الاضحی سے پہلے سکیورٹی کے معلامات پر بھی تبادلہ خیال ہوا، نیز صدر جوبائیڈن کے دورے کے پس منظر میں سول حکام کے درمیان کو آرڈینیششن گفتگو کا موضوع رہی۔”اسرائیلی بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ”ملاقات بڑے مثبت انداز اور اچھے ماحول میں ہوئی۔ فریقین نے درپیش دو طرفہ سویلین اور سلامتی سے متعلق چیلنجز پر بات کرتے ہوئے اس امر پر اتفاق کیا کہ دو طرفہ رابطے جاری رکھے جائیں گے تاکہ ان سرگرمیوں سے بچا جا سکے جو عدم استحکام کا باعث بن سکتی ہیں۔