ڈاٹا انٹری آپریٹرس کی حیثیت سے خدمات لیا جائے گا، محکمہ میں کام کے بوجھ کو کم کرنے پر توجہ
حیدرآباد 14 جولائی (سیاست نیوز) حکومت تلنگانہ نے دفاتر رجسٹریشن میں اراضیات رجسٹریشن کی تعداد میں روز بروز اضافہ کو پیش نظر رکھتے ہوئے 150 افراد کو آؤٹ سورسنگ کے تحت تقرر کرتے ہوئے دفاتر رجسٹریشن پر تعینات کرنے کے احکام جاری کئے۔ سرکاری ذرائع نے یہ بات کہی اور بتایا کہ ریاست میں ریکارڈ تعداد میں اراضیات و جائیدادوں کے رجسٹریشنس کروائے جارہے ہیں جس کی وجہ سے دفاتر رجسٹریشنس میں ملازمین کے لئے کام کے بوجھ میں اضافہ ہوا ہے اور بعض دفاتر میں سب رجسٹرارس نے حکومت سے کسی اجازت کے بغیر ہی اپنے کام کے بوجھ میں کمی کرلینے کے لئے پرائیوٹ ڈاٹا آپریٹرس کی خدمات حاصل کرلینے کی وجہ بسا اوقات نئے تنازعات پیدا ہورہے ہیں اور بالخصوص اس طریقہ کار کی اینٹی کرپشن بیورو عہدیداروں نے سخت اعتراض ہی نہیں بلکہ شدید مخالفت بھی کی ہے۔ جس کے پیش نظر سب رجسٹرار دفاتر میں پرائیوٹ افراد کی خدمات حاصل کرنے کی صورت میں سخت ترین کارروائی کرنے کا ریاستی کمشنر محکمہ رجسٹریشن اینڈ اسٹامپس چرنجیولو نے انتباہ کے احکام بھی جاری کئے جس کی روشنی میں جن سب رجسٹرار دفاتر میں پرائیوٹ افراد کی خدمات حاصل کی جاتی تھیں وہاں پر ان کی خدمات کو ختم کردینے کے باعث دفتر کے عملہ کے لئے کام کے بوجھ میں اضافہ ہوگیا تھا۔ بتایا جاتا ہے کہ اس نمائندگی پر ریاستی کمشنر محکمہ رجسٹریشن اینڈ اسٹامپس نے رجسٹریشن دفاتر کے لئے آؤٹ سورسنگ اسٹاف کو تعینات کرنے حکومت سے مؤثر نمائندگی پر فی الفور اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے حکومت نے رجسٹریشن دفاتر میں کوئی کام متاثر نہ ہونے اور ملازمین پر عائد ہونے والے زائد کام کے بوجھ کو کم کرنے کے مقصد سے فی الفور 150 آؤٹ سورسنگ کے تحت اسٹاف کو تعینات کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے باقاعدہ طور پر احکام جاری کئے۔ 150 افراد میں زیادہ تر ڈاٹا آپریٹرس کی حیثیت سے تقررات کئے جانے کا قوی امکان ہے۔ جبکہ فی الوقت زیادہ تعداد میں جائیدادوں و اراضیات وغیرہ کے رجسٹریشن ہونے والے اضلاع رنگاریڈی، سنگاریڈی، میڑچل، ملکاجگیری کیلئے چار، چار، دیگر اضلاع کے لئے ضرورت کے مطابق دو تین ڈاٹا آپریٹرس کو تعینات کیا گیا۔ حکومت کے اس اقدام پر ریاستی محکمہ رجسٹریشن اینڈ اسٹامپس گزیٹیڈ آفیسرس اسوسی ایشن کے قائدین نے حکومت سے اظہار تشکر کیا ہے۔