عصری ٹکنالوجی کے استعمال کا مشورہ، قانون حق معلومات پر کانفرنس سے گورنر شیو پرتاپ شکلا کا خطاب
حیدرآباد۔10۔ستمبر (سیاست نیوز) گورنر تلنگانہ شیو پرتاپ شکلا نے ملک بھر میں قانون حق معلومات RTI پر موثر عمل آوری کی ضرورت پر زور دیا ۔ انہوں نے انفارمیشن کمیشن اور سرکاری محکمہ جات سے خواہش کی کہ وہ عوام کو معلومات کی فراہمی کیلئے موثر حکمت عملی اختیار کریں اور آر ٹی آئی قانون کو کامیاب بنائیں۔ گورنر آج آر ٹی آئی قانون پر عمل آوری چیلنجس اور حل کے موضوع پر دو روزہ قومی کانفرنس سے ایڈمنسٹریٹیو اسٹاف کالج آف انڈیا میں خطاب کررہے تھے۔ گورنر نے کہا کہ آر ٹی سی قانون پر عمل آوری کا اندازہ صرف موصولہ درخواستوں سے نہیں کیا جاسکتا بلکہ شفافیت کے ساتھ اور جوابدہی کے ذریعہ حکمرانی کو یقینی بنانے کیلئے زیادہ درخواستوں کی یکسوئی سے کیا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آر ٹی آئی ایکٹ کے سیکشن 4 کے تحت معلومات کی فراہمی کو اولین ترجیح دی جائے۔ سرکاری محکمہ جات کو چاہئے کہ وہ تمام تر معلومات عوام کے لئے دستیاب رکھیں۔ اس کے لئے باقاعدہ خصوصی سسٹم تیار کیا جائے۔ گورنر نے کہا کہ سرکاری محکمہ جات کی جانب سے معلومات کی فراہمی کیلئے موثر سسٹم تیار کیا جائے تاکہ شفافیت کے ساتھ انتظامی امور کی تکمیل ہوسکے۔ گورنر نے شفافیت اور کارکردگی میں بہتری کیلئے آرٹیفشل انٹلیجنس کے استعمال کا مشورہ دیا تاکہ ڈیجیٹل ریکارڈ مینجمنٹ کو یقینی بنایا جاسکے۔ انہوں نے آر ٹی آئی قانون کے سلسلہ میں عہدیداروں کو ٹریننگ دینے کا مشورہ دیا۔ کانفرنس کا اہتمام نیشنل فیڈریسن آف انفارمیشن کمشنرس ان انڈیا نے تلنگانہ انفارمیشن کمیشن کے اشتراک سے کیا۔ افتتاحی اجلاس سے سنٹرل انفارمیشن کمشنر آر کے گوئل ، ایڈمنسٹریٹیو اسٹاف کالج کے صدرنشین کے پدمنا بھیا ڈائرکٹر جنرل این رمیش کمار نے مخاطب کیا۔ کانفرنس میں تلنگانہ اسٹیٹ چیف انفارمیشن کمشنر جی چندر شیکھر ریڈی اور دیگر انفارمیشن کمشنر نے شرکت کی۔ 1/k/m/b