دو شفٹ میں کام کرنے چیف سکریٹری کی ہدایت
حیدرآباد: چیف سکریٹری سومیش کمار نے جنرل ایڈمنسٹریشن ڈپارٹمنٹ
(GAD)
میں 24 گھنٹے عہدیداروں کی دو شفٹ میں خدمات کی ہدایت دی ہے۔ محکمہ کی اہمیت کو دیکھتے ہوئے نائیٹ شفٹ میں بھی کام کرنے کی ہدایت دی گئی۔ سومیش کمار نے اس سلسلہ میں ایک سرکولر جاری کیا جس میں کہا گیا ہے کہ جی اے ڈی کا تعلق اہم مسائل سے ہوتا ہے اور مختلف محکمہ جات کے درمیان تال میل اور پروٹوکول اس محکمہ کی ذمہ داری ہے۔ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اور ریلیف کا کام جی اے ڈی کی ذمہ داری ہے، ایسے میں حکومت نے دن اور رات دو شفٹوں میں کارکردگی کی ہدایت دی ہے ۔ چیف سکریٹری کے سرکولر کے مطابق ملازمین کی محدود تعداد تمام ایام کار میں رات 8 بجے تا صبح 8 بجے خدمات انجام دے گی ۔ ایام کار کے علاوہ تعطیلات میں بھی یہ محکمہ دو شفٹوں میں کام کرے گا۔ جی اے ڈی کے لئے دو سیکشن آفیسرس اور سپوٹنگ اسٹاف الاٹ کیا گیا ہے۔ بی آر کے بھون کے بی بلاک میں جی اے ڈی کا دفتر قائم کیا گیا ہے ۔ عہدیداروں کو کمپیوٹر ، پرنٹر اور انٹرنیٹ کے علاوہ دیگر سہولتیں فراہم کی گئیں ہیں۔ نائیٹ ڈیوٹی انجام دینے والے ملازمین دوسرے دن دوپہر میں ڈیوٹی پر رپورٹ کریں گے۔