دھان کی خریداری میں کسی رکاوٹ کے بغیر اقدامات، شفافیت اور جوابدہی کو ترجیح
حیدرآباد، 15 نومبر (سیاست نیوز) ریاست تلنگانہ کے محکمہ سیول سپلائز کے کمشنر، تلنگانہ اسٹیٹ سیول سپلائز کارپوریشن کے وائس چیئرمین و منیجنگ ڈائریکٹر اور لیگل میٹرولوجی کنٹرولر کی حیثیت سے آئی پی ایس عہدیدار وائی۔ ناگی ریڈی نے ہفتہ کے روز ذمہ داری سنبھال لی۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ ریاست بھر میں جاری دھان کی خریداری کے عمل میں کسی قسم کی رکاوٹ پیدا نہ ہونے دینا ان کی فوری ترجیح ہے۔ انہوں نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ کسانوں کے مفادات کا تحفظ کرتے ہوئے خریدے گئے دھان کی نقل و حمل، ذخیرہ اندوزی اور ملنگ کے عمل کو مؤثر طریقے سے انجام دیا جائے۔انہوں نے کہا کہ مل وار بقایاجات کا جائزہ لے کر چاول کی حوالگی، ذخائر اور قانونی طور پر وصول کی جانے والی رقوم کی جانچ کی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ ملرز کو درپیش حقیقی مسائل کا جائزہ لے کر ثبوتوں پر مبنی تنازعات کو حل کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ عوامی تقسیم کے نظام کو مزید مستحکم بنایا جانا چاہیے۔ انہوں نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ ہر اہل خاندان کو مکمل راشن عزت و وقار کے ساتھ فراہم کرنا یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے بتایا کہ راشن کارڈس میں غلطیوں کی اصلاح، نئی درخواستوں کی تیزی سے یکسوئی اور ضروری اشیاء کی غیر قانونی منتقلی کی روک تھام ترجیحی امور ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ سیول سپلائز کارپوریشن میں مالی نظم و ضبط اور انتظامی صلاحیت کو بہتر بنانے کے لیے اقدامات کیے جائیں گے۔دھان کی خریداری، ذخیرہ، نقل و حمل، ملنگ اور تقسیم کے عمل میں متعلقہ کنٹریکٹرز، گوداموں کے منتظمین اور راشن ڈیلرز کو اپنی معاہداتی ذمہ داریوں کی لازمی پابندی کرنی ہوگی۔1