خاتون کا اقدام خودکشی ، مقامی عوام کی عہدیداروں سے بحث و تکرار
یلاریڈی ۔10 اکتوبر ۔ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) منڈل ناگی ریڈی پیٹ کے پلے گڈا تانڈا میں گریجنوں کی جانب سے محکمہ صحراء کی اراضی ہموار کرنے پر عہدیدار ٹراکٹر ضبط کرنے کیلئے تانڈا کا رُخ کرنے پر گریجنوں کی جانب سے عہدیداروں کو روکدینے سے حالات کشیدگی کا رُخ اختیار کرگئے ۔ ٹراکٹر ضبط کرنے کی کوشش کرنے پر تانڈا کی عوام اور صحرائی عہدیداروں کے درمیان زور دار بحث وتکرار شروع ہوگئی۔ اور ٹراکٹر کے مالک ونود کی ماں کیڑے مار زہریلی دوا پیتے ہوئے اقدام خودکشی کرنے کی کوشش پر حالات مزید کشیدہ ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق تانڈا میں 14 ایکڑ صحرائی اراضی ٹراکٹر سے ہموار کرنے کی اطلاعات ملنے پر یلاریڈی محکمہ صحراء رینج آفیسر رمیش نے اپنے عملہ کے ساتھ مل کر تانڈا کو پہنچے جہاں ٹراکٹر کو ضبط کرتے وقت گریجنوں نے حائل ہوتے ہوئے ٹراکٹر کو ہاتھ لگانے نہیں دیا اور عہدیداروں سے سوال کیا کہ ماضی میں بھی اراضیات کو ٹراکٹروں سے ہموار کرنے پر جب ٹراکٹر کو کیوں نہیں ضبط کیاگیا ؟۔ جس سے عہدیداروں اور گریجنوں کے درمیان کشیدگی پیدا ہوگئی۔ اقدام خودکشی کرنے والی خاتون کے بیہوش ہوجانے پر مقامی عوام نے بائیک گاڑی پر یلاریڈی سرکاری دواخانہ منتقل کیا۔ اطلاعات کے مطابق ٹراکٹر کو آگ لگانے کی بھی کوشش کی گئی ۔ منڈل ناگی ریڈی پیٹ پولیس کو کشیدگی کی اطلاع ملتے ہی فوری تانڈا پہنچ کر حالات کو قابو میں کیا اور محکمہ صحراء عہدیدار تانڈا میں غیرمعمولی کشیدگی کو دیکھتے ہوئے ٹراکٹر ضبط کئے بنا ہی واپس ہوگئے۔ تانڈا میں صحرائی اراضیات کا تحفظ محکمہ صحراء عہدیداروں کیلئے ایک بڑا چیلنج بن گیا ہے۔