دھوکہ دہی کے الزام میں انسپکٹر عنبر پیٹر سدھاکر معطل ۔ رشوت لیتے ہوئے سب انسپکٹر بہادر پورہ شراون کمار گرفتار
حیدرآباد۔/13 جنوری، ( سیاست نیوز) محکمہ پولیس کو داغدار بنانے والے بدعنوان عہدیداروں کے چہرے ظاہر ہونے لگے ہیں۔ دیگر محکموں کی بہ نسبت محکمہ پولیس کو معیاری اور عصری ٹکنالوجی سے مربوط کرکے سہولیات دینے والی حکومت پر یہ عہدیدار کاری ضرب لگارہے ہیں۔ خواتین کے ساتھ ناجائز تعلقات ، اختیارات کا بیجا استعمال اور چوروں کا ساتھ دینے کے بعد اب ایک تازہ واقعہ میں ایک انسپکٹر کو معطل اور سب انسپکٹر کو گرفتار کرلیا گیا۔ اراضی معاملہ میں مداخلت اور اختیارات کا بیجا استعمال کرکے عوام کو ہراساں کرنے کے الزام میں عنبرپیٹ کے انسپکٹر پی سدھاکر کو معطل کردیا گیا جبکہ رشوت لیتے ہوئے سب انسپکٹر بہادر پورہ شراون کمار کو گرفتار کرلیاگیا ۔ انسپکٹر عنبرپیٹ سدھاکر کے خلاف ونستھلی پورم پولیس میں شکایت کی گئی تھی اور تحقیقات کے بعد اس کو معطل کردیا گیا ۔ اراضی فروخت کے نام پر این آر آئی سے 55 لاکھ روپئے حاصل کرکے اسے دھوکہ دیا گیا۔ بتایا جاتا ہے کہ انسپکٹر کے ساتھی راجیش کندکور میں واقع اراضی کے جعلی دستاویزات کو تیار کیا اور وجے ناتھ عرف وجیانند کو لالچ دے کر رقم حاصل کرلیا اور رقم کو سدھاکر کے بینک اکاونٹ میں منتقل کروایا۔ شکایت کنندہ کو جب یقین ہوگیا کہ اس کے ساتھ دھوکہ ہوا تو اس نے پولیس میں شکایت کردی۔ پولیس نے جعلسازی اور دھوکہ دہی کے تحت مقدمہ درج کرکے تحقیقات کا آغاز کیا اور اعلیٰ حکام کو واقف کروایا۔ 7 جنوری کو این آر آئی کی شکایت پر مقدمہ درج کیا گیا تھا ۔ بہادر پورہ پولیس سب انسپکٹر شراون کمار کو اے سی بی کی ٹیم نے8 ہزار لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کرلیا۔سب انسپکٹر نے ایک نوجوان کو رہا کرنے 30 ہزار کی رشوت طلب کی تھی اور 10 ہزار اڈوانس ادا کرنے مطالبہ کیا تھا ۔ 8 ہزار روپئے لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کرلیا گیا۔ اس موقع پر اے سی بی ڈی ایس پی سید فیاض نے بتایا کہ کاروان کے ساکن مجیب نے اے سی بی سے شکایت کی تھی۔ ان کے فرزند عتیق کو ڈاون پے منٹ ادا نہ کرنے کی شکایت پر حراست میں لیا گیا تھا اور سب انسپکٹر شراون کمار نے شکایت گذار مجیب کے فرزند عتیق کو حراست میں رکھااور رہا کرنے 30 ہزار روپئے کا مطالبہ کیا۔ رقم ادا کرنے سیل فون رکھ کر عتیق کو چھوڑدیا گیا اور سیل فون واپس کرتے وقت 10ہزار روپئے دینے دباؤ ڈالا۔ شکایت گذار آج 8 ہزار روپئے لے کر بہادر پورہ سب انسپکٹر شراون کمار کے پاس پہنچا اور رقم سب انسپکٹر کے حوالے کی ۔ اسی دوران اے سی بی نے شراون کمار کو رنگے ہاتھوں گرفتار کرلیا اور اے سی بی عدالت میں پیش کردیا۔ع