مخالف بی جے پی محاذ یا ٹی آر ایس کو قومی سیاسی پارٹی میں تبدیل کرنے پر تجسس

   

چیف منسٹر تلنگانہ کے سی آر کی قومی سیاسی جماعتوں سے مذاکرات، سنسنی خیز بیانات پر ماہرین کی رائے

حیدرآباد۔29۔مئی(سیاست نیوز) چیف منسٹر تلنگانہ مسٹر کے چند رشیکھر راؤ مخالف بھارتیہ جنتا پارٹی محاذ بنائیں گے یا تلنگانہ راشٹر سمیتی کو قومی سیاسی جماعت میں تبدیل کریں گے! بنگلورو میں چیف منسٹر تلنگانہ کی جانب سے آئندہ دو ماہ کے دوران قومی سیاست میں سنسنی پیدا کرنے کے بیان پر سیاسی مبصرین کی جانب سے مختلف قیاس آرائیاں کی جا رہی ہیں اور کہا جا رہاہے کہ مسٹر کے چندر شیکھر راؤ آئندہ دو ماہ کے دوران تمام مخالف بی جے پی سیاسی جماعتوں کے ساتھ ساتھ کانگریس کے ساتھ بھی مذاکرات مکمل کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں تاکہ قومی سطح پر مخالف بی جے پی محاذ کی تشکیل کو یقینی بنایا جاسکے ۔ کے سی آر کی یو پی اے میں شامل سیاسی جماعتو ںکے قائدین سے ملاقات اور غیر یو پی اے سیاسی جماعتوں کے ذمہ داروں سے ملاقات کو نظر میں رکھتے ہوئے کہا جا رہاہے کہ وہ بی جے پی سے مقابلہ کے لئے کانگریس سے اتحاد بھی کرسکتے ہیں لیکن ان قیاس آرائیوں کو کانگریس اور تلنگانہ راشٹر سمیتی کی جانب سے مسترد کیا جا رہاہے کیونکہ تلنگانہ میں ٹی آر ایس کا سخت مقابلہ کانگریس کے ساتھ ہی ہے اور تلنگانہ کانگریس کے ساتھ ساتھ قومی کانگریس نے بھی تلنگانہ راشٹر سمیتی سے کسی بھی طرح کے اتحاد کو مسترد کردیا ہے۔ سیاسی مبصرین کا ماننا ہے کہ قومی سیاست میں سنسنی پیدا کرنے کے لئے تلنگانہ راشٹر سمیتی کو کانگریس سے اتحاد کرنا لازمی ہوگا کیونکہ تلنگانہ راشٹر سمیتی ملک کی دیگر علاقائی سیاسی جماعتوں سے اتحاد کرتے ہوئے نیا محاذ تشکیل دیتی ہے تو ایسی صورت میں اس کا فائدہ بھارتیہ جنتا پارٹی کو ہی ہوگا اسی لئے کانگریس کے بغیر نئے محاذ سے کوئی سنسنی پیدا ہونے کا امکان نہیں ہے۔ سیاسی ماہرین کے ایک اور گروہ کا کہناہے کہ تلنگانہ راشٹر سمیتی سربراہ نے جس طرح سے ٹی آر ایس کے یوم تاسیس میں نئی قومی سیاسی جماعت کے اشارے دیئے تھے اسے دیکھتے ہوئے یہ کہا جاسکتا ہے کہ آئندہ دو ماہ کے دوران تلنگانہ راشٹر سمیتی بھارتیہ راشٹر سمیتی میں تبدیل کی جاسکتی ہے اور وہ ٹی آر ایس کو قومی سیاسی جماعت میں تبدیل کرتے ہوئے ملک بھرکی ریاستوں میں موجود علاقائی سیاسی جماعتوں کے قائدین سے اتحاد کرتے ہوئے ملک کی دیگر ریاستوں کے انتخابات کے علاوہ عام انتخابات میں حصہ لے سکتے ہیں۔ مبصرین کے اس نظریہ کو تلنگانہ راشٹر سمیتی قائدین کی جانب سے مسترد کرتے ہوئے کہا جا رہاہے کہ ایسا کرنے سے ٹی آر ایس کے وجود کو خطرہ ہوسکتا ہے کیونکہ تلنگانہ عوام میں تلنگانہ راشٹر سمیتی کے متعلق تحریک تلنگانہ سے جڑے ہوئے جو جذبات ہیں وہ برقرار نہیں رہیں گے اسی لئے تلنگانہ راشٹر سمیتی کے نام کو تبدیل کئے جانے کی پارٹی قائدین کی جانب سے مخالفت کی جاسکتی ہے۔ذرائع کے مطابق مسٹر کے چندر شیکھر راؤ قومی سطح پر بھارتیہ راشٹرسمیتی کے کنوینرکے طور پر رہ سکتے ہیں اور اپنے فرزند کو تلنگانہ راشٹر سمیتی کا سربراہ بناتے ہوئے تلنگانہ میں بھارتیہ راشٹر سمیتی اور تلنگانہ راشٹر سمیتی کے اتحاد کے ذریعہ پارٹی کو برقرار رکھنے کے علاوہ قومی سیاست میں قدم رکھنے کے منصوبہ پر عمل کیا جاسکتا ہے۔م
مندر کی تعمیر میں بے قاعدگیوں کی تحقیقات کرانے کانگریس کا مطالبہ
حیدرآباد 29 مئی (سیاست نیوز) تلنگانہ پردیش کانگریس کے ترجمان بی ایودھیا ریڈی نے ریاستی حکومت سے مطالبہ کیاکہ وہ مشہور یادادری مندر کی تزین نو کے کاموں میں ہوئی بے قاعدگیوں کی تحقیقات کرائے۔ اُنھوں نے کہاکہ حالیہ بارش میں مندر کے احاطہ میں سب کچھ بہہ گیا۔