مخصوص کمپنیوں کو حکومت کی سرپرستی ، ڈی ناگیندر کی شکایت

   

امریکہ کی ایک کمپنی کو نظرانداز کرنے کا اسمبلی میں تذکرہ
حیدرآباد۔11۔ستمبر (سیاست نیوز) رکن اسمبلی ڈی ناگیندر نے امریکہ سے تعلق رکھنے والی ایک کمپنی کی تلنگانہ حکومت کی جانب سے حوصلہ افزائی نہ کرنے کی شکایت کی ہے۔ اسمبلی میں وقفہ سوالات کے دوران آئی ٹی کمپنیوں کے قیام کے مسئلہ پر مباحث میں حصہ لیتے ہوئے ڈی ناگیندر نے کہا کہ ان کے ایک دوست کی امریکہ میں کمپنی ہے اور وہ حیدرآباد میں اپنی سرگرمیوں کو وسعت دینا چاہتے ہیں۔ چیف منسٹر کے دورہ امریکہ کے موقع پر ملاقات کا وقت طئے کیا گیا لیکن چیف منسٹر کا دورہ امریکہ ملتوی ہوگیا۔ انہوں نے کہا کہ ان کے دوست گوئل کی کمپنی کا شمار فارچیون 500 کمپنیوں میں ہوتا ہے۔ واشنگٹن ڈی سی میں چیف منسٹر سے ملاقات کا پروگرام طئے کیا گیا تھا۔ ناگیندر نے کہا کہ حکومت کے محکمہ جات کی جانب سے کمپنی کی کوئی حوصلہ افزائی نہیں کی گئی جس کے نتیجہ میں انہوں نے حیدرآباد میں سرمایہ کاری کا فیصلہ ترک کردیا ہے ۔ انہوں نے شکایت کی کہ حکومت کی جانب سے صرف مخصوص کمپنیوں کی حوصلہ افزائی کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کئی ایسی کمپنیاں ہیں جو حیدرآباد میں سرمایہ کاری کے لئے تیار ہیں لیکن حکومت کی جانب سے کوئی جواب نہیں مل رہا ہے ۔ انہوں نے شکایت کی کہ کئی آئی ٹی کمپنیوں کو الاٹ کی گئی اراضی کا استعمال رئیل اسٹیٹ کاروبار کیلئے کیا جارہا ہے۔ انہوں نے حقیقی طور پر سرمایہ کاری میں دلچسپی رکھنے والے اداروں کی حوصلہ افزائی کا مطالبہ کیا۔ وزیر آئی ٹی سریدھر بابو نے تیقن دیا کہ ناگیندر کے دوست کی کمپنی کو سرمایہ کاری کی صورت میں مراعات دی جائیں گی۔ ناگیندر نے کہا کہ بڑی کمپنیوں کی حوصلہ افزائی کے نتیجہ میں دیگر کمپنیاں سرمایہ کاری سے پیچھے ہٹ رہی ہیں جس کے نتیجہ میں روزگار کے مواقع بھی متاثر ہورہے ہیں۔1/k/m/b