ہندوستان کے امن پسند عوام کی جیت ۔ آئی ایم سی آر کا رد عمل
نئی دہلی ۔ 5 ۔ نومبر : ( راست ) ۔ انڈین مسلمس فار سول رائٹس (آئی ایم سی آر) نے مدرسہ ایکٹ سے متعلق الہ آباد ہائی کورٹ کے فیصلے کو سپریم کورٹ کے ذریعے پلٹ دیئے جانے کا خیر مقدم کیا ہے۔ میڈیا کو جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ آئی ایم سی آرمدرسہ بورڈ کے بارے میں سپریم کورٹ کے فیصلے کا تہہ دل سے خیرمقدم کرتا ہے جس میں سپریم کورٹ نے 5 نومبر 2024 کو مدرسہ بورڈ کی درستگی اور اس سے متعلق قانون کو برقرار رکھا تھا۔ عدالت عظمیٰ کا یہ فیصلہ سیکولر اقدار و سیکولرازم کی شاندار فتح ہے۔ یہ ہندوستان کے تمام امن پسند لوگوں کی جیت ہے۔ یہ ان تمام لوگوں کی جیت ہے جو بھائی چارے اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی پر یقین رکھتے ہیں۔ یہ ہندوستان کے آئین کی جیت ہے۔ یہ آئین ہند کی بنیادی خصوصیات کے نظریے کو برقرار رکھنے کا اعادہ ہے جسے کیشوانند بھارتی اور منروا ملز کیس میں معزز سپریم کورٹ نے پیش کیا تھا۔آئی ایم سی آر اس فیصلے پر بڑی باریکی سے نظر رکھے ہوئے تھا اور اس اہم معاملے میں بڑے ہی مخلصانہ طریقے سے اپنی کوششیں کر رہا تھا۔ آئی ایم سی آر ملک کے تمام سیکولر، امن پسند اور قانون پسند شہریوں کو یقین دلاتا ہے کہ وہ ان کے حقوق کے لیے لڑتا رہے گا۔ آئی ایم سی آر تمام سیکولر لوگوں سے اپیل کرتا ہے کہ وہ عوامی حقوق کے لیے متحد ہو کر اپنی لڑائی جاری رکھیں اور آئی ایم سی آر کو اس سلسلے میں کوئی کمی محسوس نہیں کی جائے گی۔