مختلف اہم شخصیتوں اور قدیم اساتذہ سے تیاری کمیٹی کے ارکان کی ملاقاتیں
حیدرآباد ۔ 14 ۔ دسمبر : ( پریس نوٹ ) : ریاست تلنگانہ کے باوقار تعلیمی ادارہ مدرسہ عالیہ کے 150 سالہ جشن کے لیے طلبائے قدیم کی جانب سے تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں اور اس سلسلہ میں اہم شخصیتوں سے ملاقاتیں کرتے ہوئے ان کو ان تقاریب کے لیے مدعو کیا جارہا ہے ۔ تیاری کمیٹی کے ایک وفد نے وزیر تعلیم شریمتی اندرا سبیتا اندرا ریڈی سے ملاقات کر کے انہیں جشن میں شرکت کی دعوت دی ۔ جسے انہوں نے قبول کرتے ہوئے اپنے ممکنہ تعاون کا یقین دلایا ۔ وفد نے وزیر تعلیم کو اس مدرسہ کی تاریخ اور اس کی عظمت سے واقف کروایا اور بتایا کہ اس مدرسہ سے کئی ممتاز شخصیتوں نے تعلیم حاصل کی اور زندگی کے ہر شعبہ میں چھائے رہے اور نمایاں مقام حاصل کیا ۔ اس مدرسہ کے طلباء بیوروکرسی ، فوج ، پولیس ، بزنس ، انڈسٹری ، صحافت ، میڈیسن انجینئرنگ کے شعبوں میں آج بھی نمایاں خدمات انجام دے رہے ہیں ۔ اس وفد میں جناب سید محمد قطب الدین ، جناب افتخار حسین ، جناب راشد علی شامل تھے ۔ وفد نے وزیر تعلیم کو بتایا کہ جشن کو یادگار بنانے کے لیے ایک سوونیر شائع کیا جارہا ہے ۔ جس میں مختلف شخصیتوں کے مضامین اور نایاب تصاویر شامل رہیں گی ۔ وفد کی درخواست پر وزیر تعلیم نے اس سوونیر کی رسم اجراء انجام دینے سے اتفاق کرلیا ۔ تیاری کمیٹی کے ارکان دیگر قدیم طلباء سے ربط پیدا کررہے ہیں اور ان کو اس جشن میں شرکت کی ترغیب دے رہے ہیں ۔ ایک وفد نے اپنے دور کے استاد جناب منصور ہاشمی سے بھی ملاقات کی اور ان کی محبتوں اور شفقوں کی یادیں تازہ کیں اور ان سے جشن میں شرکت کی درخواست کی ۔ دیگر قدیم اساتذہ کا پتہ نکال کر ان سے بھی ملاقات کی جائیں گی ۔۔