تمام تر تعاون کے لیے طلبائے قدیم کو ایڈیٹر سیاست جناب زاہد علی خاں کا تیقن
حیدرآباد ۔ 14 ۔ دسمبر : ( پریس نوٹ ) : ریاست تلنگانہ کے باوقار تعلیمی ادارہ مدرسہ عالیہ کے طلبائے قدیم کی جانب سے 150 سالہ جشن کے انعقاد کی تجویز پر اظہار مسرت کرتے ہوئے جناب زاہد علی خاں ایڈیٹر روزنامہ سیاست نے ان اصحاب کی زبردست ستائش کی کہ انہوں نے اس ادارہ کو فراموش نہیں کیا ہے جہاں سے انہوں نے اپنے تعلیمی سفر کا آغاز کیا تھا اور تعلیم کی تکمیل کے بعد انہوں نے جس میدان میں بھی قدم رکھا ، اس میں ترقی کے آسمانوں کو چھو لیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ مدرسہ عالیہ کی تعلیم و تربیت ہی کا نتیجہ ہے کہ اس کے سپوتوں نے نہ صرف اپنی تعلیم گاہ کو یاد رکھا ہے بلکہ اپنے اساتذہ کو بھی فراموش نہیں کیا ہے ۔ عالیہ المونی یعنی طلبائے قدیم کے ایک وفد نے جناب زاہد علی خاں سے ملاقات کی اور ان کو بتایا کہ یہ جشن ماہ جنوری کے پہلے ہفتہ میں منعقد کیا جارہا ہے ۔ اس موقعہ پر ایک سوونیر بھی شائع کیا جارہا ہے جس کی تیاریوں کا آغاز کردیا گیا ہے ۔ جناب زاہد علی خاں مدرسہ عالیہ کے طالب علم رہ چکے ہیں ۔ اسی مناسبت سے وفد نے ان سے تیاری کمیٹی اور جشن کی سرپرستی قبول کرنے کی خواہش کی جسے انہوں نے قبول کرتے ہوئے کہا کہ یہ بات ان کے لیے اعزاز ہے ۔ انہوں نے ان تقاریب کے لیے اپنی اور ادارہ سیاست کی جانب سے ہر ممکن تعاون کا تیقن دیا ۔ اس موقع پر انہوں نے عالیہ کے ایک اور قدیم طالب علم پولیس آفیسر جناب سردار تیج بہادر سنگھ سے بات کی ، جو فوراً ہی وہاں آگئے اور مسرت ظاہر کرتے ہوئے خود کو اس جشن اور اس کی تیاریوں سے وابستہ کرلیا اور کہا کہ وہ جلد ہی مدرسہ کے چند ممتاز سابق طلباء سے ربط کریں گے ۔ جن کا تعلق بیورو کریسی ، فوج ، پولیس ، انڈسٹری ، تجارت اور دیگر شعبوں سے ہے ۔ اس کے علاوہ فیس بک اور واٹس ایپ گروپ پر سابق طلباء سے رابطہ قائم کیا جائے گا ۔ اس موقع پر جناب غلام محمد ، جناب سید حامد لطیف ، جناب یوسف جعفر ، جناب افتخار حسین ، جناب سید عبدالمتکبر ارشد پیرزادہ موجود تھے ۔ بعد ازاں وفد نے ایک اور سرکردہ شخصیت جناب غیاث الدین بابو خاں سے ملاقات کی ۔ انہوں نے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے تعاون کا تیقن دیا ۔ ان کے جنرل منیجر جناب جاوید حسین نے بھی تقاریب کی کامیابی کے لیے مختلف تجاویز پیش کیں اور سوونیر کے لیے اہم مواد اور تصاویر فراہم کرنے کا وعدہ کیا ۔ یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ اس جشن کے تعلق سے سابق طلباء میں غیر معمولی جوش و خروش پایا جاتا ہے ۔ تیاری کمیٹی کا ایک اہم اجلاس بہت جلد منعقد ہوگا ۔ جس میں جشن کی تیاریوں کی سلسلہ میں کی گئی پیش رفت کا جائزہ لیا جائے گا ۔۔