اسی سال میں مدھیہ پردیش اسمبلی انتخابات مقرر ہیں
نئی دہلی۔پارٹی ذرائع کے مطابق مجوزہ مدھیہ پردیش اسمبلی انتخابات کے لئے امیدواروں کی دوسری فہرست کو بی جے پی نے چہارشنبہ کے روز منظوری دیدی ہے۔
نئی دہلی میں پارٹی ہیڈ کوارٹرس میں وزیراعظم نریندر مودی کی موجودگی میں پارٹی کے قومی صدر جے پی نڈا کے طلب کردہ بی جے پی کے سنٹرل الیکشن کمیٹی(سی ای سی) میں یہ فیصلہ لیاگیاہے۔
ذرائع کے مطابق اجلاس کے دوران 40اسمبلی سیٹوں کے لئے امیدواروں کی فہرست پر بات چیت کی گئی تھی۔ ذرائع نے مزیدکہاکہ تبادلہ خیال کے بعد دوسری فہرست کے لئے 35امیدواروں کے ناموں کو قطعیت دی گئی ہے اورمزیدکہاکہ پارٹی بہت جلد فہرست بھی جاری کردیگی۔
مدھیہ پردیش چیف منسٹر شیوراج سنگھ چوہان اور بی جے پی صدر وی ڈی شرما بھی اجلاس میں شریک تھے۔ قبل ازیں جی 20سمیٹ کے بڑی کامیابی پر بی جے پی ہیڈ کوارٹرس میں مودی کا شاندار استقبال بھی کیاگیاتھا۔
پارٹی ورکرس کی جانب سے ”مودی‘مودی“ کے نعروں کے درمیان میں نڈا نے وزیراعظم کی آمد پرانہیں گلدستہ پیش کیا۔
انتخابات کے اعلان کے بعد امیدواروں کے ناموں کے اعلان پر اپنی روایتوں کو ختم کرتے ہوئے مجوزہ اسمبلی انتخابات کے لئے پچھلے ماہ بی جے پی نے 39امیدواروں پر مشتمل پہلی فہرست جاری کی تھی۔
برسراقتدار بی جے پی کو یقین ہے کہ وہ ریاست میں دوبارہ اقتدار حاصل کرنے میں کامیاب رہے گی۔اسی سال میں مدھیہ پردیش اسمبلی انتخابات مقرر ہیں