مدھیہ پردیش کابینہ میں توسیع ملتوی

   

بھوپال ۔ مدھیہ پردیش کے وزیراعلی شیوراج سنگھ چوہان اور ریاستی بی جے پی صدر وشنودت شرما آج صبح دہلی سے واپس لوٹ آئے ۔چوہان کے ساتھ صبح خصوصی طیارے سے ریاستی تنظیم کے جنرل سکریٹری سوہاس بھگت بھی بھوپال لوٹے ہیں۔ چوہان اتوار کی دوپہر دہلی روانہ ہوئے تھے اور کل رات انہیں واپس ہونا تھا،لیکن وہ آج صبح لوٹے ۔ چوہان کی دو دنوں تک بی جے پی کے مرکزی لیڈروں سے مشاورت ہوئی،لیکن کابینہ کی توسیع کے سلسلے میں حتمی فیصلہ فی الحال نہیں ہوپایا ہے ۔مانا جارہا ہے کہ کابینہ کی توسیع فی الحال ایک دو دن ٹل گئی ہے ۔اس دوران کل دوپہر اچانک دہلی پہنچے وزیر داخلہ نتروتم مشرا بھی دہلی میں رکے ہوئے ہیں۔پارٹی ذرائع کے مطابق کابینہ کی توسیع سے متعلق کچھ باتوں پر ابھی بھی بحث چل رہی ہے ۔سینئر لیڈر جیوترآدتیہ سندھیا کا بھی آج کا بھوپال دورہ ملتوی ہوگیا ہے ۔