مدینہ منورہ میں روضہ اقدس کی زیارت ایک ہفتہ تک معطل

   

فرزندان توحید کی تعداد میں غیر معمولی اضافہ کے بعد حکام کا فیصلہ
حیدرآباد۔28 ۔ اپریل (سیاست نیوز) مدینہ منورہ میں رمضان المبارک کے آخری دہے میں معتمرین کی تعداد میں غیر معمولی اضافہ کو دیکھتے ہوئے حکام نے روضہ مقدس کی زیارت کو ایک ہفتہ تک کیلئے معطل کردیا ہے۔ 28 اپریل تا 3 مئی معتمرین کو روضہ اقدس کی زیارت کی اجازت نہیں رہے گی۔ مسجد نبوی کے امور کی نگرانی کرنے والے ادارہ نے یہ اعلان کیا ۔ ادارہ کا کہنا ہے کہ طاق راتوں میں عبادت اور تراویح کیلئے فرزندان توحید کی تعداد میں غیر معمولی اضافہ کو دیکھتے ہوئے یہ فیصلہ کیا گیا۔ رمضان المبارک کے آخری دہے اور عید الفطر کے موقع پر مدینہ منورہ میں معتمرین اور مختلف ممالک سے آنے والے فرزندان توحید کی تعداد میں مزید اضافہ کا امکان ہے ۔ حکام کا کہنا ہے کہ احتیاطی تدابیر اور عوام کی سہولت کیلئے یہ فیصلہ کیا گیا۔ واضح رہے کہ رمضان المبارک میں حرمین شریفین میں دنیا بھر سے آنے والے فرزندان توحید کی تعداد میں غیر معمولی اضافہ ہوچکا ہے ۔ گزشتہ دو برسوں کے دوران کورونا کی صورتحال کے سبب عمرہ کی اجازت نہیں دی جارہی تھی ۔ دو سال کے وقفہ کے بعد عمرہ کی بحالی کے نتیجہ میں دنیا بھر سے فرزندان توحید عمرہ اور زیارت روضہ مقدس کے لئے سعودی عرب پہنچ رہے ہیں۔ ر