مذاکرات کیلئے تیار مگر چین کے تابع نہیں

   

تائیوان کے نائب صدر کا دورہ امریکہ،بیجنگ کی جانب سے مذمت

واشنگٹن : تائیوان کے نائب صدر نے دورہ امریکہ کے دوران کہا ہے کہ اگر تائیوان محفوظ ہے تو دنیا محفوظ ہے اور آمرانہ خطرات کی وجہ سے ان کا ملک پیچھے نہیں ہٹے گا۔ میڈیا کے مطابق بیجنگ نے تائیوان کے نائب صدر ولیم لائی کے دورہ امریکہ کی مذمت کی تھی۔ ولیم لائی جو اگلے انتخابات میں صدر بننے کیلئے ایک مضبوط امیدوار ہیں، امریکہ کے دورے پر ہیں۔ انہوں نے پیراگوئے کے دورہ سے قبل امریکہ میں قیام کیا۔ پیراگوئے ان 13 ممالک میں سے ایک ہے جس نے چین کے دعوے کے باجود تائیوان کے ساتھ باضابطہ تعلقات برقرار رکھے ہیں۔ تائیوان اور امریکہ نے اس دورے کو معمول کا دورہ قرار دیا ہے تاہم چین نے اس دورے کی مذمت کی ہے اور نائب صدر ولیم لائی کو علیحدگی پسند ’مسائل پیدا کرنے والا‘ قرار دیا ہے۔ تائیوان کے صدارتی محل کے بیان کے مطابق نائب صدر نے کہا کہ ’اگر تائیوان محفوظ ہے تو دنیا محفوظ ہے اور اگر آبنائے تائیوان پرامن ہے تو دنیا پرامن ہے۔‘ان کا کہنا تھا کہ ’ہم صحیح راستے پر ہیں۔ آمریت کے بڑھتے ہوئے خطرے کی وجہ سے خوفزدہ نہ ہوں اور نہ پیچھے ہٹیں۔ تائیوان کو جمہوریت کی راہ پر گامزن کرنے کیلئے ہمیں بہادر اور مضبوط ہونا چاہیے۔‘