مذہبی خبریں

   

امت مسلمہ کو کردار و عمل کے ذریعہ دعوت دین و تبلیغ کی تلقین
کنزالعلوم شاہین نگر میں تبلیغی اجتماع ، سرکردہ علماء کا خطاب ، خصوصی اجتماعی دعا کا اہتمام
حیدرآباد۔29 جولائی(سیاست نیوز) شہر حیدرآباد میں منعقدہ تبلیغی جماعت کا 4 روزہ اجتماع گذشتہ یوم دعاء کے ساتھ اختتام کو پہنچا اس روح پرور اجتماع کے دوران ملک و بیرون ملک سے مبلغین اسلام کی بڑی تعداد شاہین نگر میں واقع تبلیغی جماعت کے مرکز میں موجود رہی ۔تفصیلات کے مطابق اس 4روزہ اجتماع کے دوران زائد از 10ہزار داعیان حق نے شرکت کرتے ہوئے اجتماع سے استفادہ حاصل کیا۔ کنزالعلوم مرکز شاہین نگر میں منعقد4روزہ دعوت و تبلیغ کے اجتماع میں شریک علما ء نے امت مسلمہ کو تلقین کی کہ وہ اپنے کردار و عمل کے ذریعہ دعوت دین و تبلیغ کی سرگرمیاں انجام دیں۔ علماء اکرام نے اس کل ہند اجتماع کے دوران اپنے پند و نصائح کے دوران کا کہ اللہ سے تعلق کو مضبوط کرنے کے لئے لازمی ہے کہ نماز پنجگانہ کا اہتمام کرنے کے ساتھ سنت نبویﷺ پر عمل آوری کرتے ہوئے اللہ کو راضی کریں۔ دعوت دین و تبلیغ کی اہمیت کا تذکرہ کرتے ہوئے امت کو تبلیغ سے جڑنے کی تلقین کی گئی ۔ اس روح پرور اجتماع میں شریک ہزاروں مبلغین کو اپنے گناہوں سے سچی پکی توبہ اور اللہ کی راہ میں وقت نکالتے ہوئے پیام حق کودوسروں تک پہنچانے کی ذمہ داری پوری کرنے پر توجہ مرکوز کرنے کی تاکید کرتے ہوئے کہا گیا کہ جب تک امت دعو ت وتبلیغ کے کاموں کا حصہ رہے گی اس وقت تک دین اسلام کا حقیقی پیام دوسروں تک پہنچتا رہے گا۔قرآن اور صاحب قرآن کی تعلیمات کو مضبوطی سے تھام کر رکھنے کی علماء اکرام نے تلقین کرتے ہوئے کہا کہ اپنے سلوک کو بہتر بنانے کے لئے دلوں کی نرمی ضروری ہے اور قلب منور اور نرم اسی وقت ہوسکتے ہیں جب وہ اللہ کا ذکر کرتے رہیں۔ اس عظیم الشان اجتماع میں تبلیغی جماعت کے سرکردہ علماء اکرام مولانا ابراہیم دیولہ‘ مولانا احمد لاٹ ‘ مولانا حاجی محمد فاروق‘ مولانا زہیر الحسن کاندھلوی‘ مولانا اسمعیل گودھرا‘ پروفیسر ثناء اللہ ‘ مولانا یونس پالن پوری‘ کے علاوہ دیگر اکابرین نے شرکت کی ۔تبلیغی جماعت کے کل ہند اجتماع میں شرکت کرنے والے علماء نے اجتماع کے منتظمین و کارکنوں کے علاوہ امت مسلمہ کے لئے خصوصی دعاء کی ۔اجتماعی دعاء کے دوران امت مسلمہ کی سربلندی اور کامیابی کے لئے خصوصی دعاء کی گئی ۔3/m/b

قران کریم عظمت والی کتاب : قاری عبدالقیوم شاکر
حیدرآباد ۔ 29 ۔ جولائی : ( راست ) : قرآن کریم نبی آخر زماں ؐ کا عظیم معجزہ ہونے کے ساتھ ساتھ ایمان والوں کے لیے دستور حیات ہے ۔ قرآن کریم بڑی شان و عظمت والی ہے ۔ اس بابرکت اور مقدس کلام الہیٰ نبی رحمت ؐ پر غار میں گھر میں دن میں رات میں سفر میں قیام میں زمین پر آسمان ( عرش ) پر امن میں جنگ میں نازل ہوتی رہی ۔ ہمارا ایمان اس وقت کامل ہوگا جب ہم کتاب و سنت کو اپنا کر زندگی گذاریں ۔ ان خیالات کا اظہار قاری محمد عبدالقیوم شاکر نے اتوار کو مکہ مسجد میں قرات و اذان کی تربیت کے دوران کیا ۔۔

بزم خواتین کے زیر اہتمام مقابلہ نعت رسولؐ
حیدرآباد ۔ 29 ۔ جولائی : ( راست ) : بزم خواتین کے زیر اہتمام مقابلہ نعت رسولؐ 2 اگست اتوار صبح دس بجے سے مدینہ ایجوکشن سنٹر پبلک گارڈن روڈ نامپلی میں منعقد ہوگا ۔ مہمانان خصوصی محترمہ صبیحہ عارف الدین ، محترمہ شاہین طیب جی ہوں گی ۔ 12 سال سے کم عمر طلباء ؍ طالبات (وقت 3 منٹ ) ، 12 تا 15 سال طالبات ( 4 منٹ ) جونیر کالج گروپ 16 تا 18 سال طالبات ( 4 منٹ ) ، ڈگری کالج 18 تا 25 سال طالبات ( 4 منٹ ) کسی بھی ادارہ ؍ اسکول ؍ کالج سے ایک ٹیم دو طالبات پر مشتمل ہو حصہ لے سکے گی ۔ تمام شریک مقابلہ ایک صاف کاغذ پر اپنا نام ؍ ولدیت ؍ عمر ؍ نام ادارہ ؍ اسکول ؍ فون نمبر لکھ کر ساتھ لے آئیں تاکہ پروگرام وقت پر ہوسکے ۔۔

مجلس مذاکرات بضمن عرس شریف
حضرت سید شاہ راجو محمد محمد الحسینی ؒ
حیدرآباد ۔ 29 ۔ جولائی : ( راست ) : سالانہ مجلس مذاکرات بسلسلہ عرس شریف حضرت سید شاہ راجو محمد محمد الحسینی ؒ 15 صفر جمعرات بعد نماز مغرب استانہ عالیہ ، مصری گنج زیر صدارت مولانا مفتی خلیل احمد امیر جامعہ ، جامعہ نظامیہ منعقد ہوگی ۔ ڈاکٹر حسن محمد نقشبندی کے بموجب سمینار کے عنوانات ’ قیام امن میں صوفیا کرام کا کردار ‘ ، ’ تحفظ شہریت اور ہماری ذمہ داری ( SIR ) کے حوالہ سے ‘ ، ’ حضرت شاہ راجوؒ کا سلسلہ چشتیہ کے فروغ میں حصہ ‘ مولانا ڈاکٹر سعید بن مخاشن ، حضرت سید شاہ قبول اللہ حسینی ، حضرت سید شاہ حسینی پیراں تحقیقی مقالات پیش کریں گے ۔ قاری سید شاہ ندیم اللہ حسینی سجادہ نشین و متولی کا خطبہ استقبالیہ ہوگا ۔ ۔

اعراس شریف
حیدرآباد ۔ 29 ۔ جولائی : ( راست ) : عرس شریف حضرت میاں عزت اللہ شاہ چشتی نقشبندی ابوالعلائی اردو شریف عقب پتھر گٹی میں 31 جولائی بروز جمعہ مقرر ہے ۔ بعد نماز مغرب چراغاں و محفل سماع منعقد ہوگی ۔ مراسم عرس شریف و محفل سماع کی نگرانی مولانا پیر صوفی شاہ محمد مظفر علی چشتی ابوالعلائی کریں گے ۔۔
٭٭ عرس شریف حضرت سیدنا درویش محی الدین الحسنی و الحسینی ؒ درگاہ شریف بالا پور 16 صفر کو مقرر ہے ۔ صندل مکرم منزل سے 8-30 بجے برآمد ہوگا ۔ سرپرستی حضرت سید شاہ بشیر الدین الحسنی و الحسینی جانشین حضرت ممدوح درگاہ بالا پور کریں گے ۔۔