مذہبی خبریں

   

وعظ غوث اعظم دستگیر ؒ و زیارت آثار مبارک
حیدرآباد ۔ 23 ۔ ستمبر : ( راست ) : محافل وعظ غوث اعظم دستگیرؒ و زیارت آثار مبارک نبی خانہ حضرت خیر المبین ؒ پتھر گٹی روڈ میر عالم منڈی 11 ربیع الثانی جمعرات 11 بجے دن تا بعد نماز عصر تک مولوی معین الدین صدیقی منصور پاشاہ زیارت موئے مبارک ؐ و قدم رسولؐ اور کعبہ شریف کے غلاف مبارک کی زیارت کروائیں گے ۔ خواتین کے لیے پردہ کا نظم رہے گا ۔۔
٭٭ مجلس گیارویں شریف و زیارت آثار مبارک حضرت سیدنا شیخ عبدالقادر جیلانیؒ 24 ستمبر خانقاہ محبوبیہ حضرت خواجہ محبوب اللہ ، درگاہ مدینہ گلشن حیدر نگر جل پلی میں صبح 11 تا 3 بجے دن مقرر ہے ۔ صبح 11 بجے دن ختم قرآن مجید قرات کلام پاک نعت شریف کے بعد مولانا الحاج سید شاہ حیدر علی حسینی القادری حیدر پاشاہ کا وعظ ہوگا ۔ 2 بجے دن زیارت آثار مبارک کروائی جائے گی ۔۔

جلسہ فیضان حضرت غوث اعظم ؒ
حیدرآباد ۔ 23 ۔ ستمبر : ( راست ) : تصوف کدہ حضرت صوفی اعظمؒ کبوتر خانہ قدیم حسینی علم میں 24 ستمبر جمعرات صبح 10-30 بجے جلسہ فیضان حضرت غوث اعظمؒ منایا جارہا ہے ۔ جلسہ کا آغاز حافظ سید سادات شاہ قادری کی قرات کلام پاک سے ہوگا ۔ محمد علی صوفیانی ، قاری شفیع محمد خاں نعت و منقبت سنائیں گے ۔ مولانا سید شاہ ظہیر الدین علی صوفی قادری مخاطب کریں گے ۔ بعد جلسہ آثار مبارک کی زیارت کروائی جائے گی ۔ بعد نماز ظہر خواتین کے لیے آثار مبارک ؐ کی زیارت کروائی جائے گی ۔۔

محفل نعت شہ کونین و منقبت
حیدرآباد ۔ 23 ستمبر ۔( راست ) بزم میلادالنبی ﷺکے زیراہتمام ماہانہ محفل نعت شۂ کونین ﷺ و مناقب غوث الاعظم دستگیرؓ زیرنگرانی الحاج سید شاہ احمد علی تاجی ؔشرفی (حسان پاشاہ) معتمد مرکزی بزم میلادالنبیﷺ 24 ستمبر بروز جمعرات بعد نماز عشاء بمکان مبلغ سنی دعوت اسلامی الحاج محمد حبیب الدین حبیبؔ قادری،کشن باغ مقرر ہے جس میں ثناء خوانِ رسول نعت شریف و منقبت پیش کرنے کی سعادت حاصل کریں گے۔

آج محفل نعت و حلقۂ ذکر
حیدرآباد ۔ 23 ستمبر ۔( راست ) الحاج سعید بن عبداﷲ القرموشی المعروف بہ قربی شاہ محوی نوری کی اطلاع کے بموجب محفل نعت و حلقۂ ذکر کا 11 ربیع الثانی بروز جمعرات بعد نماز عشاء شمس منزل ایرہ کنٹہ انعقاد عمل میں آئے گا ۔ الحاج احمد بن عبداللہ القرموشی خطاب کریں گے ۔

مابعد حلقۂ ذکر و صلوٰۃ و سلام پر محفل کااختتام عمل میں آئیگا۔

مجلس پیرانِ پیر سیدنا غوث الاعظم دستگیرؒ
نبیری حضور غوثِ پاک حضرتہ پیرانی ماں کا انعقاد
حیدرآباد۔23؍ستمبر(راست) باسط افتخاری کے بموجب 23 ستمبر بعد نماز عصر سنجری اسٹیٹ خانقاہِ سنجریہ افتخاریہ روبرو جامع مسجد حضرت وطن علیہ الرحمہ چشتی چمن میں بہ دستِ پیرزادہ سید خواجہ کاشف اللہ حسینی بختیار عربی ’’رسم اجرائی مصنفین کردہ کلاماتِ اجدادِ قدوۃ السالکین زبدۃ العارفین پیرزادہ سید کاشف اللہ حسینی کی زیرنگرانی محفل ذکراللہ کا انعقاد عمل میں آیا۔ بعداز مولانا محمد خواجہ اکبرالدین ذاکر افتخاری کی صدارت میں محفل قرآن خوانی عمل میں آئی۔ خانقاہ سنجریہ افتخاریہ میں گیارویں شریف کے موقع پر نیاز وفاتحہ خوانی عمل میں آئی۔پیرزادہ سید کاشف اللہ حسینی و مولانا محمد خواجہ اکبرالدین ذاکر افتخاری کی زیرقیادت محفل قصیدہ برد شریف و نعت منقبت پیرانِ پیر محمد شریف افتخاری و جماعت نے پیش کی۔محفل میں مہمانان خصوصی مولانا صوفی سلطان شطاری،ڈاکٹر جاوید کمال، لطیف الدین لطیف، سید اعزاز قادری، طیب پاشاہ قادری نے شرکت کی۔

پیغمبر اسلام کی تعلیمات ، انسانی حقوق کی مثالی علمبردار
خاتم النبینؐ تعارفی مہم ، ریکٹرسبسٹین ، ڈائرکٹر ماروتی و دیگر کے تاثرات
حیدرآباد ۔ 23 ۔ ستمبر : ( راست ) : میں قرآنی ارشادات سے متاثر ہوں ، میں یہ خدائی کلام کا طالب علم ہوں ، تدریسی پیشہ تعلیم کے ساتھ حقیقی خالق سے بھی رشتہ جوڑنا اور سکھانا ہے ، اخلاق کی تعلیم کا نمونہ پیغمبر اسلام کی زندگی بہترین نمونہ ، استاد کے قلم کی سیاہی ، شہید کے خون سے بھی اعلیٰ درجہ رکھتی ہے ۔ طالب علم کیلئے سمندر کی مچھلیاں تک دعا کرتی ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار پیغمبر اسلام کی تعارفی مہم میں خصوصی ملاقات کے دوران ریکٹر برادر سبسٹین آل سینٹس اسکول نے کیا ۔ انہوں نے ملاقات میں ڈاکٹر محمد سراج الرحمن سے کہا بچوں اور عورتوں کی تعلیم و تربیت پر اسلامی تعلیمات کو عام کریں ۔ ڈاکٹر راما کرشنا نے کہا انگریزی قرآن کے روزمرہ مطالعہ کا تذکرہ کیا ۔ اسی طرح مختلف دانشور ، پولیس آفیسرس نے اسلام کو حقیقی امن پسند مذہب قرار دیا ۔ ان دانشوروں میں انگریزی کتابچہ Tell me about mohammed pbuh دیگر ورقئے تقسیم کئے گئے ۔ اس مہم میں تاجر حضرات نے غیر معمولی دلچسپی دکھائی ۔ ڈاکٹر مفتاح الرحمن ، ڈاکٹر مقیت الرحمن ، معاذ ، ڈاکٹر طہ نے حصہ لیا ۔۔