مذہبی خبریں

   

عازمین حج کو حفظان صحت کے اصولوں پر قائم رہنے کی تلقین
حج سمینار سے مفتی سید صادق محی الدین اور مولانا جعفر پاشاہ کا خطاب
حیدرآباد ۔ 24 ۔ جولائی : ( راست ) : عازمین حج حرمین شریف اور مقامات مقدسہ میں حج کے دوران انتہائی ادب و احترام اور عاجزی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنے خالق و مالک سے گریہ وزاری کرتے ہوئے گناہوں کی معافی مانگے اور کہیں پر لڑائی جھگڑے سے اجتناب کریں ان باتوں کو مولانا شاہ حافظ سید صادق محی الدین فہیم نے گولڈن ٹراویلس اور گولڈن وینگس ٹراویل سرویسس کے زیر اہتمام منعقدہ حج سمینار کے موقع پر کیا ۔ یہ سمینار 20 جولائی کو شاہ فنکشن پلازہ ریڈہلز لکڑی کا پل میں منعقد ہوا ۔ مولانا مفتی سید صادق محی الدین نے مناسک حج و عمرہ کی تفصیلات سے واقفیت کرائی ۔ انہوں نے حج کے تینوں اقسام بتاتے ہوئے تفصیلات سے آگاہ کیا ۔ حج کے فرائض و واجبات بتاتے ہوئے منیٰ ، مزدلفہ ، وقوف عرفہ اور رمی جمار کس طرح اور کب کہاں قیام ہوگا اس پر بھی روشنی ڈالی ۔ مولانا نے بتایا کہ 8 ذی الحجہ کو منیٰ کے لیے روانگی عمل میں آتی ہے اور 9 ذی الحجہ کو یوم عرفہ ہوتا ہے اور یہ حج کا خاص فرض ہے اسی کی تیاری کے لیے 8 ذی الحجہ کو حاجی منیٰ پہنچتے ہیں تاکہ روحانی اعتبار سے حاجی اپنے آپ کو تیار کرسکیں ۔ مفتی صاحب نے کہا کہ 10 ذی الحجہ کے روز رمی جمار کرنے سے قبل تک کثرت سے تلبیہ پڑھتے رہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ وقوف عرفات فوت ہوجائے تو اس کا کوئی بدل نہیں اس لیے کسی خاص وجہ سے غروب آفتاب تک عرفات کے میدان نہ پہنچنے کی صورت میں رات کے آخر حصہ تک میدان عرفات پہنچے ۔ یوم عرفہ کے روز خیمہ میں ہوں تو نماز ظہر کے وقت اور عصر کی نماز عصر کے وقت پڑھیں اور غروب آفتاب کے بعد یہاں سے نکل کر مزدلفہ پہنچ جائیں اور وہاں پہنچنے کے بعد مغرب اور عشاء کی نماز پڑھیں گے ۔ مولانا صادق محی الدین نے کہا کہ حجاج کرام اپنی مغفرت اور بخشش کے لیے کثرت سے دعائیں مانگیں کیوں کہ عرفات سے نکلتے ہیں تو حاجی صاحب ماں کے پیٹ سے پیدا ہونے والے بچہ کی طرح ہوجاتا ہے ۔ یعنی گناہوں سے پاک رہتا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ وقوف مزدلفہ یعنی سورج نکلنے کے بعد کچھ دیر یہاں ٹھہرنا واجب ہے ۔ طلوع آفتاب کے بعد منیٰ پہنچے اور 10 ذی الحجہ کو جمرہ عقبیٰ کی رمی کریں ۔ اس طرح حج کی دیگر تفصیلات سے واقف کرایا ۔ مولانا محمد حسام الدین ثانی جعفر پاشاہ نے کہا کہ حج ایک ایسا فریضہ ہے جس میں مال اور مشقت دونوں چیزوں کا استعمال ہوتا ہے ۔ جناب منیر الدین نے مدینہ منورہ میں پہنچنے کے بعد حاجیوں سے خواہش کی کہ وہ اپنے ہوٹل یا جہاں ان کی رہائش ہے اس جگہ سے باوضو ہو کر مسجد قباء میں دو رکعت نماز پڑھنے کی اہمیت کو واضح کیا اور کہا کہ یہاں دو رکعت نماز اس ا طرح پڑھنے سے ایک مقبول عمرہ کا ثواب ملتا ہے لہذا جتنا ممکن ہوسکے اس نماز کا اہتمام کریں ۔ خادم الحجاج جناب عبدالرزاق قمر نے مہمانان و عازمین حج کا اپنے افتتاحی کلمات میں خیر مقدم کیا ۔ حج سمینار کے موقع پر عازمین حج کو ٹیکہ اندازی کی گئی ۔۔

یاد سیدنا حضرت ابراہیم ؑ و نعتیہ مشاعرہ
حیدرآباد ۔ 24 ۔ جولائی : ( راست ) : بزم فیضان رضوان کے زیر اہتمام 25 جولائی بروز جمعرات کو شام 8-30 بجے بیت رضوان وٹے پلی فاطمہ نگر روڈ کے زیر اہتمام ماہانہ ادبی اجلاس اور نعتیہ مشاعرہ منعقد ہوگا ۔ ادبی اجلاس کی صدارت صدر بزم محمد رضوان بیابانی کریں گے جب کہ مسرس مولانا زعیم الدین حسامی اور محمد مسعود علی خاں فضلی بہ عنوان یاد سیدنا ابراہیم ؑ مخاطب کریں گے بعد ازاں جناب باقر تحسین کی نگرانی میں نعتیہ مشاعرہ ہوگا جس کے ناظم سہیل عظیم ہوں گے اور مسرس اسلم فرشوری ، انجم شافعی ، یوسف روش ، ثنا اللہ وصفی ، عظمت علی عظمت ، قابل حیدرآبادی ، سمیع اللہ حسینی محمد عبدالرزاق جنید پرواز ابوالحسین تمنا بیابانی ، جلیس بھارتی ، سید علی ، محمد فاروق پاشاہ کلام سنائیں گے ۔ شیخ سلمان حمد باری تعالیٰ پیش کرینگے ان کے علاوہ دیگر مدعو نعت گو شعراء دربار نبی ﷺ میں گل ہائے عقیدت پیش کریں گے ۔۔

عرس حضرت قطب میاںؒ
حیدرآباد ۔ 24 ۔ جولائی : ( راست ) : عرس حضرت سید محمد شاہ قطب الدین حسینی ؒ صابری سابقہ سجادہ نشین حضرت شاہ خاموش قبلہؒ نامپلی کا عرس 27 ذی قعدہ م 31 جولائی مقرر ہے ۔ بعد نماز عصر صندل مالی ، قرآن خوانی بعد مغرب مجلس سماع منعقد ہوگا ۔ مراسم عرس شریف مولانا سید شاہ علی اکبر نظام الدین حسینی صابری انجام دیں گے ۔۔

محفل حلقہ ذکر اللہ
حیدرآباد ۔ 24 ۔ جولائی : ( راست ) : محفل حلقہ ذکر اللہ بارگاہ الحاج حافظ سید عبداللہ شاہ ولی قادریؒ 25 جولائی کو بعد نماز عشاء آستانہ عالیہ قادریہ حق چمن شاہ علی بنڈہ ہری باولی موڑ میں زیر نگرانی مولانا محمد اللہ شاہ قادری سرخیل آغا منعقد ہوگی ۔ بعد عشاء محفل درود شریف و نعت و منقبت بعد ازاں اس محفل سے مولانا محمد عزت اللہ شاہ قادری سہیل پاشاہ خطاب کریں گے ۔ ذکر جہری دعا و سلام پر محفل کا اختتام عمل میں آئے گا ۔۔

محفل ذکر و درود شریف
حیدرآباد ۔ 24 ۔ جولائی : ( راست ) : خانقاہ صوفیہ ابوالعلائیہ روبرو مسجد پیارو میاں مصری گنج ، محفل ذکر و درود شریف 25 جولائی بعد نماز عشاء 9 بجے بہ سرپرستی الحاج خواجہ صوفی شاہ محمد زبیر چشتی ابوالعلائی سجادہ نشین و متولی مقرر ہے ۔۔

ختم دلائل الخیرات
حیدرآباد ۔ 24 ۔ جولائی : ( راست ) : ابوالفداء اسلامک ریسرچ سنٹر کے زیر اہتمام محفل ختم دلائل الخیرات ( درود شریف) و ختم خواجگان نقشبند و تعلیمات اولیاء نقشبند زیر نگرانی مولانا سید شاہ حسین شہید اللہ بشیر بخاری نقشبندی قادری بروز جمعرات بعد نماز مغرب مسجد حضرت سید شاہ فیض اللہ حسینی ؒ ، شکر گنج مقرر ہے ۔ خواتین کے لیے پردہ کا نظم رہے گا ۔ بعد نماز عشاء نگران محفل کا خطاب اور جماعت ابوالفداء کا قصیدہ بردہ شریف اور ذکر و سلوک و مراقبہ کی مجلس رہے گی ۔۔

درس قرآن مجید
حیدرآباد ۔ 24 ۔ جولائی : ( راست ) : جماعت اسلامی ہند ٹولی چوکی محلہ بال ریڈی نگر میں بروز جمعرات بعد نماز مغرب درس قرآن بمکان عبدالرب عقب مسجد بلال ٹولی چوکی میں منعقد ہوگا ۔۔
٭٭ جماعت اسلامی ہند ٹولی چوکی محلہ الحسنات کالونی میں درس قرآن بروز جمعرات خالد منزل روبرو مسجد ابوبکر صدیق بعد نماز مغرب منعقد ہوگا ۔۔
٭٭ جماعت اسلامی ہند ٹولی چوکی محلہ قادر باغ میں درس قرآن مجید بروز جمعرات بعد نماز عشاء بمکان عبدالحمید نزد بھارت کرانہ اسٹور منعقد ہوگا ۔۔

فاتحہ کی شرعی حیثیت: مولاناغوثوی شاہ کا بیان
حیدرآباد۔24/جولائی(راست) مولاناغوثوی شاہ نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ اصطلاحِ شرع میں ’’ایصالِ ثواب‘‘ کا نام ہی ’’فاتحہ ‘‘ ہے جس کا لفظ سورئہ فاتحہ سے ماخذ ہے حدیث صحیح طبرانی نے اوسط میں سعدابن عبادہ ؓ سے یہ روایت کی ہے حضورؐ نے فرمایا اَ لْفاتحۃُ وَلَوْبِکُراع شاۃِ محترق(یعنے میّت کے نام پر) ’’ فاتحہ دو گوجلے ہڈے ہی پر ہو ٗ اِسی طرح بحوالہ حدیث ِ صحیح ابن ابی الدنیا ؓ میں حضورؐ نے فرمایا ‘‘طعامِ موجودہ پر مُردوں کو فاتحہ دو اور اُسی حوالہ کے بموجب حضرت انس ؓ نے فرمایا کہ ’’حضورؐ نے اپنے روبرو کھانا رکھ کے فاتحہ دی اور اس کا ثواب مُردوں کو پہونچایا اِسی طرح بہ روایت بیہقی ؔ فی شعب الایمان حضورؐ نے فرمایا جس کا مفہوم یہ ہے کہ قبر میں مدفون مُردہ انتظار میں رہتا ہے کہ اسکے ماں باپ بھائی بہن یا کسی دوست آشنا کی طرف سے اُسکے حق میں دعائے مغفرت فاتحہ کا تحفہ پہونچے جب کسی کی طرف سے ’’فاتحہ‘‘ کا تحفہ پہونچتا ہے تو وہ اس کو دنیا و مافیہا سے زیادہ محبوب و عزیز ہوتا ہے اور آپؐ نے فرمایا مُردوں کے لئے زندوں کا خاص تحفہ دعائے مغفرت فاتحہ ہے اور حدیث صحیح مسلم کتاب الحدود اور شرح برزخ میں وارد ہے کہ حضورؐ نے اپنے صاحبزادہ حضرت ابراھیم ؓ کی وفات کے تیسرے دن اشیاء موجودہ کھجور دودھ پر فاتحہ پڑھی اور اُسکو تقسیم کروادیا اور حضرت مُلاّ علی قاری ؒ نے اِسی حوالہ سے فرمایا کہ حضور ؐ نے سوکھے کھجوروں اور جَو ْ کی روٹی جو چُوری ہوی تھی سامنے رکھکر سورئہ فاتحہ اور تین قُل ھو اللہ پڑھ کر فاتحہ دی پھر اپنے دستِ مبارک چہرئہ مبارک پر پھیر لیئے پھر حُکم فرمایا کہ ابوذر ؓ اِس کو لوگوں میں تقسیم کرڈالو۔ اِن تمام جوازات و حقائق کے باوجود فاتحہ فعلِ مستحب ہے اگردیں تو فائدہ اورنہ دیں تو کوئی گناہ نہیں اور فاتحہ پڑھنے والے کوروکنابھی گناہ ہے ۔

رزاق انٹر پرائزس کا آج حج سمینار
حیدرآباد ۔ 24 ۔ جولائی : ( راست ) : رزاق انٹر پرائزس ( دکن حج گروپ ) فرسٹ فلور بابو خاں اسٹیٹ بشیر باغ کی جانب سے 25 جولائی کو ہوٹل کرسٹل بنجارہ مانصاحب ٹینک میں صبح 10 تا 2 بجے دن حج سمینار مقرر ہے ۔ اس موقع پر الحاج ڈاکٹر محمد عبدالرزاق مہمانوں کا خیر مقدم کریں گے اور سفر حج سے متعلق معلومات فراہم کریں گے ۔ حج سمینار سے مولانا مفتی حافظ سید صادق محی الدین فہیم اور مولانا سید ضیا الدین نقشبندی کا خطاب ہوگا ۔۔