نظام آباد ۔ 11 اگسٹ ۔ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) ضلع مردم شماری ہینڈ بک (ڈی سی ایچ بی) کی تیاری کیلئے مکمل درستگی اور معیار کے ساتھ مستند معلومات فراہم کی جائیں یہ ہدایت ضلع کلکٹر بھاویش مشرا نے عہدیداروں کو دی۔ انہوں نے آج مربوط ضلع دفاتر کے احاطہ میں واقع کانفرنس ہال میں کلکٹر نے مختلف محکمہ جات کے عہدیداروں اور مختلف شعبوں کے ماہرین کے ساتھ مردم شماری 2027 ء کے سلسلہ میں ضلع کی سطح پر تیار کی جانے والی ہینڈ بک کیلئے درکار معلومات کے حوالے سے جائزہ اجلاس منعقد کرتے ہوئے ضروری ہدایات جاری کیں۔ انہوں نے کہا کہ ضلع سے متعلق تعلیمی اور طبی سہولیات، پینے کے پانی، صفائی، آمدورفت، مواصلاتی نظام، بینکنگ، قرض کی سہولیات، برقی سربراہی، توانائی کے ذرائع، اراضی، آبپاشی کے استعمال، زراعت، دستکاری، فنون، ادب، ممتاز شخصیات، قبائلی ثقافت و روایات، مندروں، تاریخی مقامات، جنگلاتی علاقوں، غذائی عادات، ثقافت و روایات، صنعتوں اور آثار قدیمہ کے ورثے سمیت تمام اہم شعبوں سے متعلق معلومات مکمل درستگی کے ساتھ فراہم کرنے کو یقینی بنایا جائے۔ کلکٹر نے کہا کہ ضلع مردم شماری ہینڈ بک آئندہ دس برسوں تک معلومات کے حصول اور مختلف ترقیاتی منصوبوں کی تیاری کیلئے ایک اہم اور مفید دستاویز ثابت ہوگی۔