مرکزمیں تیسری مرتبہ بی جے پی کی کامیابی ملک کیلئے تباہ کن ہوگی: ڈی راجا

   

سی پی آئی قومی کونسل اجلاس کا اختتام، نتیش کمار پر انڈیا الائنس سے دھوکہ دہی کا الزام، سیکولر جماعتوں سے مفاہمت
حیدرآباد۔/4فروری، ( سیاست نیوز) سی پی آئی کے قومی جنرل سکریٹری ڈی راجا نے کہا کہ اگر مرکز میں تیسری مرتبہ بی جے پی برسراقتدار آتی ہے تو یہ ملک کیلئے تباہ کن ثابت ہوگا۔ حیدرآباد میں سی پی آئی کے تین روزہ قومی کونسل اجلاس کے اختتام پر میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ڈی راجا نے کہا کہ تین روزہ اجلاس میں لوک سبھا انتخابات کی حکمت عملی اور ہم خیال جماعتوں سے مفاہمت کا جائزہ لیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ نریندر مودی تیسری مرتبہ کامیابی کا دعویٰ کررہے ہیں لیکن گذشتہ 10 برسوں میں عوام سے کئے گئے وعدوں کی تکمیل کی تفصیلات کو برسر عام کیا جائے۔2 کروڑ روزگار کی فراہمی، کالے دھن کی واپسی کے وعدوں کا کیا ہوا۔ مرکز کے عبوری بجٹ میں غریب اور متوسط طبقات کو نظرانداز کردیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ 16 فروری کو صنعتی اداروں اور کسان تنظیموں کے بند کو سی پی آئی کی مکمل تائید رہے گی۔ آندھرا پردیش کے خصوصی موقف کے مطالبہ کی سی پی آئی تائید کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی ہٹاؤ دیش بچاؤ کا نعرہ لگانے والے نتیش کمار نے پھر ایک مرتبہ بی جے پی سے دوستی کرتے ہوئے اصولوں سے انحراف کیا ہے۔ انہوں نے انڈیا الائنس کے ساتھ دھوکہ کیا ہے۔ ڈی راجا نے کہا کہ عوام نتیش کمار کو سبق سکھائیں گے۔ لوک سبھا انتخابات کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے ڈی راجا نے کہا کہ بی جے پی کو شکست دینے کیلئے تمام سیکولر اور جمہوری طاقتیں متحد ہورہی ہیں۔ مفاہمت کے ذریعہ لوک سبھا انتخابات میں حصہ لینے کیلئے انڈیا الائینس کی پارٹیوں میں مذاکرات جاری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 1000 کروڑ کی بدعنوانیوں میں ملوث جگن موہن ریڈی بی جے پی کی مدد سے محفوظ ہیں جبکہ جھارکھنڈ کے سابق چیف منسٹر کو انفورسٹمنٹ ڈائرکٹوریٹ نے گرفتار کرلیا ہے۔ مخالف بی جے پی طاقتوں کے خلاف بی جے پی کی انتقامی کارروائیاں عروج پر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سی پی آئی مختلف ریاستوں میں علاقائی جماعتوں کے ساتھ مفاہمت پر بات چیت کررہی ہے۔ قومی سکریٹریز ڈاکٹر کے نارائنا اور سید عزیز پاشاہ کے ہمراہ ڈی راجا نے تین روزہ کانفرنس میں منظورہ قراردادوں کی تفصیلات پیش کیں۔ انہوں نے کہا کہ حال ہی میں پانچ ریاستوں کے انتخابات میں نشستوں پر مفاہمت میں ناکامی کے سبب بی جے پی کامیاب رہی۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں کانگریس سے مفاہمت طئے ہوچکی ہے۔ پارلیمنٹ اجلاس میں بائیں بازو کی جماعتیں عوامی مسائل پر متحدہ جدوجہد کریں گی۔ قومی کونسل نے لوک سبھا انتخابات کیلئے انتخابی منشور تیار کرنے کیلئے کمیٹی تشکیل دی ہے۔ کمیٹی کے ارکان میں امر کور، ڈاکٹر بی کے کانگو، ناگیندر ناتھ اوجھا، پی سنتوش کمار و دیگر شامل ہیں۔1