مرکزی اسکیمات پر عمل آوری کیلئے مرکزی سکریٹری کی ویڈیو کانفرنس

,

   

سوچھ بھارت ، چھوٹے کاروباریوں کی امدادی اسکیمات کا جائزہ
حیدرآباد : مرکزی وزارت امکنہ اور شہری امور کے سکریٹری درگا شنکر مشرا نے ویڈیو کانفرنس کے ذریعہ تلنگانہ اور آندھراپردیش میں سوچھ بھارت مشن ، امرت ، اسمارٹ سٹی پراجکٹس ، پرائم منسٹری آواز یوجنا ، سڑکوں پر کاروبار کرنے والے افراد کی امداد اور دیگر اسکیمات کا جائزہ لیا ۔ چیف سکریٹری سومیش کمار نے کہا کہ وزیر بلدی نظم و نسق کے ٹی راما راؤ کی ہدایت پر ریاست میں 10,500 عوامی بیت الخلاء تعمیر کئے جارہے ہیں جس کا آغاز 15 اگست سے ہوگا ۔ ایک ہزار کی آبادی کے لئے ایک بیت الخلاء کو یقینی بنایا جائے گا ۔ ان میں 50 فیصد خواتین کیلئے مختص رہیں گے۔ ریاست میں صحت اور صفائی کے بہتر انتظامات کیلئے حکومت نے سیویچ ٹریٹمنٹ پلان کو ترقی دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ 2 اکتوبر کو 400 موبائیل ٹائلٹس کا آغاز کیا جائے گا ۔ ریاست کے 132 ٹاؤنس میں بائیو مائیننگ پراجکٹس شروع کئے جارہے ہیں۔ چیف سکریٹری نے بتایا کہ ریاستی کابینہ میں عمارتوں کی تعمیر کی اجازت میں شفافیت پیدا کرنے کیلئے ٹی ایس بی پاس کو منظوری دی ہے۔ عنقریب اس کا آغاز ہوگا۔ چیف سکریٹری نے بتایا کہ 5 لاکھ چھوٹے کاروباریوں کو امدادی اسکیم کے تحت شامل کیا جائے گا۔ مقامی عوامی نمائندوں اور وارڈ سطح کی کمیٹیوں کے تعاون سے اسکیم پر عمل آوری کی جائے گی۔ اس موقع پر پرنسپل سکریٹری میونسپل ایڈمنسٹریشن اروند کمار ، پرنسپل سکریٹری آر اینڈ بی سنیل شرما ، ڈائرکٹر میونسپل ایڈمنسٹریشن ستیہ نارائنا اور دوسرے موجود تھے۔