مرکزی تعلیمی اداروں میں دو لاکھ نشستوں کا اضافہ

   

نئی دہلی 15 اپریل ( سیاست ڈاٹ کام ) ملک بھر میں جملہ 158 مرکزی تعلیمی اداروں میں زائد از 2 لاکھ نشستوں کا اضافہ کیا جائیگا تاکہ معاشی پسماندہ طبقات کو 10 فیصد تحفظات پر عمل آوری کی جاسکے ۔ مرکزی کابینہ نے آج اس تجویز کو منظوری دیدی ہے ۔ ذرائع نے یہ بات بتائی ۔ مرکزی کابینہ کا ایک اجلاس وزیراعظم نریندر مودی کی صدارت میں آج منعقد ہوا جس میں معاشی پسماندہ طبقات سے تعلق رکھنے والے طلبا کے مرکزی تعلیمی اداروں میں داخلوں میں تحفظات کی فراہمی پر غور کیا گیا ۔ ذرائع کے بموجب وزارت فروغ انسانی وسائل نے الیکشن کمیشن سے اس تجویز پر اجازت حاصل کرلی تھی جس کے بعد اسے کابینہ سے رجوع کیا گیا تھا ۔ کہا گیا ہے کہ مرکزی کابینہ کی منظوری کے بعد جملہ 2,14,766 اضافی نشستوںمتعارف کروائی جائیں گی جبکہ 1,19,983 اضافی نشستیں سال 2019-20 کے دوران اور 95,783 نشستیں سال 2020-21 کے دوران بڑھائی جائیں گی ۔