مرکزی حکومت اپوزیشن کو اعتماد میں لے کر بات کرے

   

سوائی مادھوپور : راجستھان کے سابق نائب وزیر اعلی اور کانگریس کے لیڈر سچن پائلٹ نے کہا کہ مرکزی حکومت کو اپوزیشن کو اعتماد میں لے کر ہند-چین سرحدی تنازعہ پر بات چیت کرنی چاہئے ۔ بھارت جوڑو یاترا میں حصہ لیتے ہوئے مسٹر پائلٹ آج صبح میڈیا سے بات چیت کر رہے تھے ۔ مسٹر پائلٹ نے کہا کہ حکومت کا یہ بیان ہندوستان-چین سرحد پر پیش آنے والے واقعہ کے پانچ دن بعد آیا ہے ، لیکن اس میں کوئی نئی بات نہیں ہے ۔ مرکزی حکومت کو اپوزیشن کو اعتماد میں لے کر اس مسئلہ پر بات چیت کرنی چاہئے ، پورا ملک اس مسئلہ پر حکومت کے ساتھ کھڑا ہے ، لیکن شفافیت لائے بغیر ہم آگے کیسے بڑھیں گے ۔ مرکزی حکومت کو سچائی کے ساتھ بات چیت کرنی چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ اگر چین سرحد پر تجاوزات کرنا چاہتا ہے تو اسے منہ توڑ جواب دیا جائے ۔ ایسٹرن راجستھان کینال پروجیکٹ (ای آر سی پی ) کے بارے میں انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت اب ریشوں کی بات کر کے کنفیوژن پیدا کر رہی ہے ۔ اس پورے معاملے میں سیاست کی جا رہی ہے ، جو درست نہیں۔ انہوں نے اس معاملے میں بروقت کچھ نہیں کیا، جب کہ وزیر اعظم نریندر مودی دو بار راجستھان آ کر عہد کر چکے ہیں۔