مرکزی سکریٹری برائے فوڈ سنجیو چوپڑا کی اتم کمار ریڈی سے ملاقات

   

تلنگانہ میں فیر پرائز شاپس کی کارکردگی کی ستائش، مرکز سے تعاون کا تیقن
حیدرآباد ۔ یکم نومبر (سیاست نیوز) مرکزی حکومت کے ڈپارٹمنٹ آف فوڈ پبلک ڈسٹری بیوشن کے سکریٹری سنجیو چوپڑا آئی اے ایس نے حیدرآباد کے دورہ کے موقع پر تلنگانہ کے وزیر سیول سپلائز اتم کمار ریڈی سے ملاقات کی۔ اِس موقع پر ڈی ایس چوہان آئی پی ایس، پرنسپل سکریٹری ڈپارٹمنٹ آف کنزیومر افیئرس، شریمتی جے لزارس آئی اے ایس ایکزیکٹیو ڈائرکٹر فوڈ کارپوریشن آف انڈیا (ساؤتھ) اور دوسرے عہدیدار موجود تھے۔ اتم کمار ریڈی اور حکومت ہند کے سکریٹری کے درمیان عوامی نظام تقسیم پر کامیاب عمل آوری کے سلسلہ میں ثمرآور بات چیت رہی۔ سنجیو چوپڑا نے جن پوشن کیندر کا دورہ کیا جو عوامی نظام تقسیم کے تحت شروع کی گئی ہے۔ اُنھوں نے اے جی کالونی میں واقع فیئر پرائز شاپ نمبر 819 کا معائنہ کیا۔ اُنھوں نے عوامی نظام تقسیم پر مؤثر عمل آوری کے لئے مرکز سے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔ ڈیلر نے بتایا کہ جن پوشن کیندر کے ذریعہ تقریباً 30 ہزار روپئے کی آمدنی ہورہی ہے جبکہ فیئر پرائز ڈیلر کے طور پر علیحدہ آمدنی ہے۔ مرکزی سکریٹری نے تلنگانہ میں راشن شاپس کی کارکردگی اور استفادہ کنندگان کو چاول اور دیگر اشیاء کی سربراہی کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔ مرکزی سکریٹری نے دفتر کمشنر سیول سپلائز کا دورہ کیا جہاں پرنسپل سکریٹری نے پاور پوائنٹ پریزنٹیشن کے ذریعہ تلنگانہ میں دھان کی خریدی اور دیگر سرگرمیوں سے واقف کرایا۔ مرکزی حکومت کے سکریٹری نے تلنگانہ میں سیول سپلائز ڈپارٹمنٹ کی کارکردگی کو سراہا اور مشورہ دیا کہ بہتر کارکردگی کے ذریعہ ملک کے لئے مثالی ریاست کا موقف حاصل کریں۔ 1