۔ 47.14 لاکھ ملازمین اور 68.62 لاکھ پنشنرس کو راست فائدہ، یکم جولائی 2021 ء سے عمل آوری
نئی دہلی : مرکزی کابینہ میں آج مرکزی ملازمین اور وظیفہ یاب افراد کیلئے گرانی الاؤنس میں 3 فیصد اضافہ کو منظوری دیدی ہے ۔ اس اضافہ کے ساتھ گرانی الاؤنس 28 فیصد سے بڑھ کر 31 فیصد ہوجائے گا ۔ گرانی الاؤنس کے اضافہ پر عمل آوری یکم جولائی 2021 ء سے ہوگی ۔ مرکزی کابینہ کے آج کے فیصلہ سے 47.14 لاکھ مرکزی ملازمین اور 68.62 لاکھ وظیفہ یاب افراد کو راست فائدہ پہنچے گا ۔ مرکزی کابینہ کے اجلاس کے بعد میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے مملکتی وزیر فینانس انوراگ ٹھاکر نے بتایا کہ جولائی میں حکومت نے کووڈ 19 وباء کے پیش نظر تقریباً ایک سال کے وقفہ کے بعد گرانی الاونس میں 17 فیصد سے بڑھاکر 28 فیصد کیا تھا ۔ حکومت نے گرانی الاؤنس اور ڈی آر کی 3 زائد قسطوں کو بھی منجمد کردیا تھا جو یکم جنوری 2020 ء، یکم جولائی 2020 ء اور یکم جنوری 2021 ء سے باقی تھے ۔ انوراگ ٹھاکر نے اس موقع پر شہریوں کو بھی مبارکباد پیش کی کیونکہ ملک میں ویکسین کے 100 کروڑ کے نشانہ کو حاصل کرلیا گیا ہے ۔ کورونا وباء سے اگلی صفوں میں لڑنے والوں کو انہوں نے خاص طور پر مبارکباد دی ۔ گرانی الاؤنس اور ڈی آر میں اضافہ سے مجموعی طور پر سرکاری خزانہ پر 9,488.70 کروڑ کا سالانہ بوجھ پڑے گا ۔ مرکزی کابینہ میں آج پی ایم گتی شکتی ۔ نیشنل ماسٹر پلان کو بھی منظوری دی گئی ۔ اس پراجکٹ کے ذریعہ ہمہ مقصدی معاشی زونس کو مربوط کیا جائے گا ۔ وزیراعظم نریندر مودی نے 100 لاکھ کروڑ کے نیشنل ماسٹر پلان کو ایک ہفتہ قبل لانچ کیا تھا جس کے بعد کابینہ نے اس پراجکٹ کو آج منظوری دی ہے ۔ اس پراجکٹ پر عمل آوری سے لاجسٹک مصارف میں بھاری کمی آئے گی ۔ جبکہ کارگو کی نقل و حمل کی گنجائش میں بھاری اضافہ ہوگا۔اس کے علاوہ وقت کی بھی کافی بچت ہوگی ۔