مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ کورونا پازیٹیو

,

   

حیدرآباد۔ وباء سے محفوظ رہنے کیلئے کئے جانے والے متعدد احتیاط کے باوجود بھی کورونا وائرس بالآخر مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ تک رسائی حاصل کرنے میں کامیاب ہوگیا۔ مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ کو کورونا وائرس کی توثیق کے بعد انہیں دواخانہ میں شریک کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے اورکہا جارہا ہے ان کی صحت مستحکم ہے لیکن کورونا وائرس کی توثیق کے بعد انہیں فوری دواخانہ منتقل کردیا گیا ہے۔ عالمی ادارۂ صحت اور آئی سی ایم آر کی جانب سے جاری کردہ رہنمایانہ خطوط کے مطابق ان کا علاج کیا جائے گا۔ امیت شاہ نے اپنے ٹوئیٹر پر جاری کردہ پیام میں کہا کہ کورونا وائرس کی ابتدائی علامات ظاہر ہونے کے بعد انہوں نے اپنا معائنہ کروانے کا فیصلہ کیا اور ان کے معائنہ کے بعد کورونا وائرس کی توثیق ہوئی ہے ۔ انہوں نے حالیہ عرصہ میں ان سے رابطہ میں آنے والے تمام افراد سے اپیل کی کہ وہ اپنا کورونا وائرس کا معائنہ کروائیں۔ مرکزی وزیر داخلہ کے پیام سے یہ واضح ہورہا ہے کہ وہ کورونا وائرس کی علامات سے عاری مریض نہیں ہیں بلکہ ان میں کورونا وائرس کی علامات ظاہر ہورہی تھیں ۔ گذشتہ یوم امیت شاہ نے ایک ویبینار میں شرکت کرتے ہوئے خطاب بھی کیا تھا۔ ذرائع سے موصولہ اطلاعات کے مطابق امیت شاہ گذشتہ چند یوم سے کھانسی اور بخار کے علاوہ اعضاء شکنی کی شکایت کر رہے تھے۔ امیت شاہ 5 اگسٹ کو منعقد ہونے والی رام مندر کا سنگ بنیاد رکھنے کیلئے بھومی پوجا میں شرکت کرنے والے تھے لیکن اب کورونا وائرس کی توثیق کے بعد وہ ایودھیا نہیں جاپائیں گے۔اتر پردیش کی ریاستی وزیر مسز کمل رانی ورون کی کورونا وائرس سے صبح موت کی اطلاع کے بعد سہ پہر مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ کو کورونا وائرس کی توثیق کے بعد بھارتیہ جنتا پارٹی قائدین میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے اور ان قائدین سے ملاقات کرنے والوں نے اپنے اطباء سے مشاورت شروع کردی ہے۔ مرکزی وزیر بابل سپریونے بھی امیت شاہ کو کورونا وائرس کی توثیق کے بعد شخصی قرنطینہ میں جانے کا اعلان کردیا ہے اورانہوں نے بتایا کہ وہ گذشتہ شب مرکزی وزیر داخلہ سے ملاقات کرنے والوں میں شامل تھے اور اب اپنے شخصی معالج کے مشورہ پر وہ چند یوم کیلئے شخصی قرنطینہ اختیار کرنے کا فیصلہ کرچکے ہیں۔ بابل سپریو نے مزید کہا کہ وہ قرنطینہ اختیار کرچکے ہیں اور ان کے افراد خاندان کے معائنہ جلد کئے جائیں گے۔ واضح رہے کہ گذشتہ ہفتہ چیف منسٹر مدھیہ پردیش شیو راج سنگھ چوہان کو کورونا وائرس کی توثیق کے بعد انہیں شریک دواخانہ کیا گیا تھا اور وہ 9 دن سے دواخانہ میں زیر علاج ہیں جبکہ آج دن میں گورنر تمل ناڈو بنواری لعل پروہت کو بھی کورونا وائرس کی توثیق کے بعد انہیں چینائی میں شریک دواخانہ کیاجاچکا ہے۔مرکزی وزیر داخلہ کو کورونا وائرس کی توثیق کے بعد کئی مرکزی قائدین نے ان کی جلد صحتیابی کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا ہے۔