مرکز منریگا کو بحال کرے ، کم از کم اجرت بڑھائے:کھرگے

   

نئی دہلی یکم مئی (یواین آئی) کانگریس صدر ملکارجن کھرگے نے مہاتما گاندھی نیشنل رورل ایمپلائمنٹ گارنٹی اسکیم (منریگا) کو پھر سے شروع کرنے اور محنت کشوں کے لیے کم از کم اجرت بڑھانے کا مطالبہ کیا ہے ۔ کھرگے نے جمعہ کو سوشل میڈیا ایکس پر لکھا کہ بڑھتی ہوئی بے روزگاری حکومت کی پالیسیوں کا نتیجہ ہے اور حکومت نے جو لیبر کوڈ نافذ کیا ہے اس سے کامگاروں کی صورتحال کمزور ہوئی ہے ۔ اس کے علاوہ ٹھیکہ مزدور نظام اور ‘ہائر اینڈ فائر’ جیسی پالیسیوں کو فروغ دیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ان لیبر قوانین پر نظر ثانی کی جانی چاہیے ۔ کانگریس صدر نے کہا کہ منریگا کو کمزور کر دیا گیا ہے اور اجرت کے اخراجات کا بڑا حصہ ریاستوں پر ڈال دیا گیا ہے ، جس سے ریاستوں کے لیے اسکیم کو مؤثر طریقے سے چلانا مشکل ہو گیا ہے ۔انہوں نے یہ بھی الزام لگایا کہ حکومت کی پالیسیوں کی وجہ سے محنت کشوں کو غیر منظم اور گگ ورک کی طرف دھکیلا جا رہا ہے ، جہاں بڑی تعداد میں لوگ کم از کم اجرت سے کم پر کام کرنے پر مجبور ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مہنگائی کو مدنظر رکھا جائے تو گزشتہ برسوں میں اجرتوں میں اضافہ بہت کم رہا ہے ۔ کھرگے نے تعلیم یافتہ نوجوانوں میں بڑھتی ہوئی بے روزگاری پر بھی تشویش ظاہر کی اور کہا کہ پبلک سیکٹر کے اداروں کی نجکاری اور سرکاری خالی آسامیوں کو نہ بھرنے سے روزگار کے مواقع کم ہوئے ہیں۔کانگریس نے کامگاروں کے مفاد میں پانچ اہم مطالبات دہرائے ۔ ان میں منریگا کو دوبارہ نافذ کر کے شہری علاقوں تک توسیع دینا، قومی کم از کم اجرت 400 روپے فی دن مقرر کرنا، محنت کشوں کے لیے صحت کے حقوق کا قانون نافذ کرنا، غیر منظم شعبے کے مزدوروں کے لیے زندگی اور حادثاتی بیمہ فراہم کرنا اور روزگار میں ٹھیکیداری نظام پر روک لگانے کے ساتھ نئے لیبر کوڈ پر نظر ثانی کرنا شامل ہے ۔