مرکز کی مخالف کسان پالیسیوں کے خلاف کانگریس کا آج احتجاج

,

   

ہر ضلع میں احتجاجی مظاہرے کئے جائیں گے ،صدر پردیش کانگریس اتم کمار ریڈی کا اعلان
حیدرآباد: صدر پردیش کانگریس اتم کمار ریڈی نے کانگریس قائدین و کارکنوں سے اپیل کی کہ مرکز کی مخالف کسان پالیسیوں کے خلاف جمعہ کو ملک گیر احتجاج میں حصہ لیں۔ اتم کمار ریڈی نے کہا کہ کانگریس نے پارلیمنٹ میں زرعی بل کی مخالفت کی جو کسانوں مخالف مفادات ہے۔ حکومت نے دونوں ایوانوں میں غیر جمہوری انداز سے بلز کو منظوری دی ۔ کانگریس ، بائیں بازو کی جماعتوں اور کسان تنظیموں نے جمعہ کو ملک گیر احتجاج کا اعلان کیا ہے۔ کانگریس دیگر ریاستوں کی طرح تلنگانہ میں احتجاجی مظاہرے کریگی۔ انہوں نے کہا کہ ہر ضلع اور اسمبلی حلقہ کی سطح پر احتجاج منظم کیا جائے گا ۔ اتم کمار نے کہا کہ مخالف کسان پالیسیوں سے دستبرداری تک احتجاج جاری رہیگا۔ انہوں نے کہا کہ عوامی نمائندے ، ضلع کانگریس صدور اور مجالس مقامی نمائندے احتجاج میں شرکت کریں گے ۔ پارلیمنٹ میں کانگریس نے زرعی بل کے نقصانات سے حکومت کو آگاہ کیا۔ اس کے علاوہ صدر جمہوریہ رام ناتھ کووند سے اپیل کی گئی کہ وہ بل کو منظوری نہ دیں۔ اتم کمار نے کہا کہ گریٹرحیدرآباد کانگریس کے علاوہ تمام ضلع کانگریس کمیٹیاں مرکزی حکومت کے خلاف جمعہ کو مظاہرہ کریں گی۔ اسی دوران سابق ایم پی وی ہنمنت راؤ نے پارلیمنٹ کا اجلاس مقررہ تاریخ سے ایک ہفتہ قبل ملتوی کرنے کی مذمت کی۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کے بغیر سرکاری بلز منظور کرکے حکومت
نے اجلاس کو ملتوی کردیا۔ انہوں نے کہا کہ کسانوں کی تائید میں کانگریس مواضعات تک ایجی ٹیشن کرے گی ۔ انہوں نے تجویز پیش کی کہ عوامی رابطہ پروگرام شروع کرکے مرکز کی پالیسیوں کے بارے میں عوامی شعور بیدار کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ کسانوں سے رجوع ہوکر کانگریس عوامی تائید حاصل کرسکتی ہے۔ ہنمنت راؤ نے کہا کہ ٹی آر ایس نے بظاہر بل کی مخالفت کی لیکن تلنگانہ میں کسانوں کی صورتحال دگرگوں ہے۔ ٹی آر ایس حکومت کسانوں کے مفادات کے تحفظ میں ناکام ہوچکی ہے۔