مریم نواز کی چار برس بعد لندن روانگی

   

اسلام آباد : پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز جاتی امرا میں اپنی رہائش گاہ سے ایئر پورٹ کے لیے روانہ ہوگئیں جہاں سے وہ لندن کے لیے فلائٹ لیں گی۔سفری دستاویزات کے مطابق مریم نواز نجی ایئر لائن کی پرواز سے لندن کے لیے روانہ ہو رہی ہیں۔مسلم لیگ ن کی نائب صدر ایک ماہ لندن میں گزارنے کے بعد 6 نومبر کو پاکستان واپس آئیں گی۔ایئر پورٹ کے لیے روانگی سے پہلے مریم نواز نے دادا، دادی اور والدہ کی قبروں پر حاضری دی۔ مسلم لیگ ن کے مطابق مریم نواز کا دورہ لندن سیاسی اعتبار سے اہمیت کا حامل ہے۔ وہ نہ صرف اپنے والد سے ملاقات کریں گی بلکہ نواز شریف کی واپسی سے متعلق بھی حتمی فیصلہ متوقع ہے۔خیال رہے کہ پیر کو لاہور ہائی کورٹ کے فل بینچ نے چیف جسٹس امیر بھٹی کی سربراہی میں مریم نواز کی پاسپورٹ واپسی کی درخواست قبول کرتے ہوئے ان کا پاسپورٹ واپس کرنے کا حکم جاری کیا تھا۔اس سے پہلے چار ججوں نے مریم نواز کے پاسپورٹ واپسی کی درخواست سننے سے انکار کر دیا تھا۔مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے پاسپورٹ واپس لینے کی درخواست اپریل میں اس وقت دائر کی تھی جب مسلم لیگ ن اور اتحادیوں نے حکومت سنبھالی تھی۔ تاہم اس وقت ایک ایسی صورت حال پیدا ہوئی جس میں تین مرتبہ مختلف ججز نے ان کا کیس سننے سے معذرت کی تھی۔