دلہن کے کندھے پر بیٹھی تتلی،والد آگئے، جذباتی مناظر
بیجنگ: چین میں ایک شادی کی تقریب کے دوران ایک حیران کن منظر دیکھنے کو ملا جب ایک تتلی آ کر دلہن کے کندھے پر بیٹھ گئی، جس نے نہ صرف دلہن بلکہ تمام مہمانوں کو جذباتی کر دیا۔ چینی میڈیا کے مطابق، یہ واقعہ لیاوننگ صوبے کے شہر شین یانگ میں پیش آیا، جہاں شادی کی تقریب کے دوران ایک نارنجی رنگ کی تتلی دلہن کے قریب آ کر منڈلانے لگی اور پھر اس کے دائیں کندھے پر بیٹھ گئی۔ یہ منظر دیکھ کر دلہن کی آنکھوں سے آنسو جاری ہو گئے، کیونکہ اسے اپنے والد کی یاد آ گئی، جو تین سال قبل ایک حادثے میں انتقال کر گئے تھے۔رپورٹس کے مطابق، دلہن کے والد، جو ایک دوسرے شہر میں کام کرتے تھے، ہمیشہ کہا کرتے تھے کہ وہ اپنی بیٹی کی شادی میں ضرور شرکت کریں گے۔ تاہم، ان کی اچانک موت کے بعد دلہن نے سوچا تھا کہ وہ اپنی شادی کے خاص دن پر والد کی غیر موجودگی کو محسوس کرے گی۔ لیکن جب تتلی اس کے کندھے پر آ بیٹھی، تو وہ جذبات پر قابو نہ رکھ سکی اور کہاکہمیں جانتی ہوں کہ یہ آپ ہیں، ابو! آپ نے مجھ سے کیا ہوا وعدہ نہیں توڑا۔ اور اب، میں نے ایک ایسا شخص پایا ہے جو مجھے اتنا ہی پیار کرتا ہے جتنا آپ کرتے تھے۔یہ جذباتی الفاظ سنتے ہی نہ صرف دلہا بلکہ شادی میں شریک مہمان بھی آبدیدہ ہو گئے۔