مسئلہ کشمیر پر عمران خان ۔ ولیعہد محمد بن سلمان بات چیت

,

   

جی-7 چوٹی کانفرنس میں مودی ۔ ٹرمپ ملاقات کے بعد ٹیلی فونی رابطہ

اسلام آباد 27 اگسٹ (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کے وزیراعظم عمران خان نے سعودی عرب کے ولیعہد محمد بن سلمان سے مسئلہ کشمیر پر آج پھر ٹیلی فون پر بات چیت کی۔ رواں ماہ کے دوران اس مسئلہ پر ان دونوں کی یہ دوسری ٹیلی فونی بات چیت تھی۔ نیوز انٹرنیشنل نے خبر دی کہ وادی کشمیر کی صورتحال پر خان نے سعودی ولیعہد سے پیر کو بات چیت کی۔ واضح رہے کہ حکومت ہند نے جموں و کشمیر کے خصوصی موقف کی تنسیخ کے بعد اس ریاست کو دو مرکزی زیرانتظام علاقوں میں تقسیم کردیا ہے۔ وزیراعظم نریندر مودی نے فرانسیسی شہر بیارٹز میں جاری G-7 چوٹی کانفرنس کے دوران امریکہ کے صدر ڈونالڈ ٹرمپ سے بات چیت کے دوران مسئلہ کشمیر پر ہندوستان اور پاکستان کے درمیان کسی فریق ثالث کی مصالحت کی گنجائش کو واضح طور پر مسترد کردیا تھا۔ عمران خان نے قوم سے خطاب کے دوران پیر کو یہ بھی کہا تھا کہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے بشمول ہر بین الاقوامی فورم میں مسئلہ کشمیر کو اُٹھائیں گے۔ سعودی ولیعہد نے 19 اگسٹ کو عمران خان سے ٹیلیفون پر ربط پیدا کرتے ہوئے مسئلہ کشمیر پر تبادلہ خیال کیا تھا۔ پاکستان اور سعودی عرب ایک دوسرے کے قریبی حلیف ہیں۔ دولت سے مالا مال عرب مملکت نے پاکستان کو مالی بحران سے نکالنے کے لئے کئی مرتبہ مالی مدد کی ہے۔ اس دوران پاکستانی وزارت اطلاعات و نشریات اس ملک میں حکمراں تحریک انصاف پارٹی کے سنٹرل میڈیا ڈپارٹمنٹ کے رابطہ کے ساتھ ایک کشمیر میڈیا سل کے قیام کی منصوبہ بندی کررہی ہے۔ وزیراعظم کے خصوصی مددگار برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہاکہ کشمیر سل کے قیام کا مقصد کشمیر کی صورتحال کے بارے میں مصدقہ معلومات جمع اور فراہم کرنا ہے۔