مسائل کی یکسوئی کے تیقن پر امیدوار کے انتخاب کو ترجیح

   

رائے دہندے کھیل کود کا فروغ، ماحولیاتی آلودگی سے پاک، روزگار کے مواقعوں کی فراہمی کے منتظر
حیدرآباد: حیدرآباد کے بلدی انتخابات میں نوجوان رائے دہندو ںکی ترجیحات بدلنے لگی ہیں اور ان کا کہنا ہے کہ روایتی انداز میں رائے دہی کے سبب ان کے مسائل جوں کے توں برقرار ہیں اسی لئے وہ اپنے مسائل کی فہرست اور ان کے حل کے سلسلہ میں دلچسپی رکھنے والے امیدواروں کے حق میں اپنے حق رائے دہی کا استعمال کریں گے۔ نوجوان رائے دہندو ںکا کہناہے کہ بنیادی مسائل کے ساتھ ان کے اپنے مسائل جو حل طلب ہیں ان میں اسپورٹس کے فروغ کے لئے شہر میں کھیل کے میدانوں کے تحفظ اور آؤٹ ڈور کھیلوں کی سہولتوں کو بہتر بنانا ہے۔ علاوہ ازیں شہرحیدرآباد میں محفوظ ماحول کی فراہمی کے ساتھ ساتھ نوجوانوں کو قابل اور بااعتماد بنانے کیلئے انہیں روزگار کی فراہمی پر توجہ مرکوز کی جانی چاہئے۔ شہر میں نوجوان رائے دہندوں کی تعداد کے سلسلہ میں کہا جا رہاہے کہ ان کی ترجیحات صرف روزگار یا کھیل نہیں ہیں بلکہ 30 فیصد کے قریب نوجوان رائے دہندو ںکا کہناہے کہ وہ روزگار اور کھیل کود کے علاوہ ماحولیاتی آلودگی سے پاک شہر اور جابجا گندگی سے پاک شہر کے متمنی ہیں۔ شہر حیدرآباد میں تعلیم یافتہ نوجوانوں کا کہناہے کہ وہ اپنے علاقہ سے مقابلہ کرنے والے امیدواروں سے محض نل‘ لائٹ یا ڈرینیج کے مسائل کے متعلق دریافت نہیں کریں گے بلکہ ان کی ترجیحات ان معمولی بنیادی مسائل سے کہیں زیادہ ہیں اور وہ اپنی توقعات سے اپنے امیدوارو ںکو واقف کروائیں گے۔ حیدرآباد میں نوجوان رائے دہندوں کی جانب سے جاب میلہ کے علاوہ بہتر ٹریفک نظام اور آلودگی کے خاتمہ کے اقدامات پر بھی بات چیت کی جانے لگی ہے۔حیدرآباد سے لائبریری کلچر کے خاتمہ پر بھی نوجوان رائے دہندوں کی جانب سے توجہ دی جا رہی ہے اور کہا جار ہاہے کہ ریاستی حکومت اور سیاسی جماعتوں کو تعلیم بالخصوص تحقیق کرنے والے طلبہ اور نوجوانوں کو لائبریری کی سہولتوں کی فراہمی پر بھی توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے حدود میں فضائی اور ماحولیاتی آلودگی کے خاتمہ کیلئے ریاستی حکومت کی جانب سے ہریتا ہرم پروگرام چلائے جانے سے جو صورتحال پیدا ہوئی ہے وہ نوجوانوں کو راغب کر رہی ہے لیکن نوجوانوں کا کہناہے کہ سیاسی جماعتو ںکو نوجوانوں کے مسائل پر خصوصی توجہ مرکوز کرتے ہوئے ان کے حل کے منصوبہ کا اعلان کرنا چاہئے ۔