مسابقتی امتحانات علاقائی زبانوں میں تحریر کرنے کی اجازت دی جائے

   

حیدرآباد: چیف منسٹر کے چندر شیکھر راو نے وزیراعظم نریندر مودی کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے مسابقتی امتحانات میں ملک کی تمام ریاستوں کے طلبہ کو انگلش اور ہندی کے علاوہ علاقائی زبانوں میں امتحان تحریر کرنے کی اجازت دینے کا مطالبہ کیا۔ چیف منسٹر نے وزیراعظم کے علاوہ مرکزی وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی روی شنکر پرساد کو بھی اس سلسلہ میں مکتوب روانہ کیا ہے۔ چیف منسٹر نے کہا کہ مرکزی حکومت کی جائیدادوں کے علاوہ مرکزی عوامی شعبوں کے اداروں ، ریلویز ، ڈیفنس سرویسز ، قومیائے ہوئے بینکوں اور دیگر مرکزی اداروں میں تقررات کے لئے مسابقتی امتحانات ہندی اور انگلش میں تحریر کرنے کی اجازت ہے۔ ایسے طلبہ جنہوں نے انگلش میڈیم میں تعلیم حاصل نہیں کی یا وہ جو ہندی ریاستوں سے تعلق نہیں رکھتے، انہیں امتحانات تحریر کرنے میں دشواریوں کا سامنا ہوگا۔ کے سی آر نے مرکز سے مطالبہ کیا کہ مرکزی اداروں اور محکمہ جات میں تقررات کے سلسلہ میں یونین پبلک سرویس کمیشن ، ریلوے رکروٹمنٹ بورڈ ، پبلک سیکٹر بینک ، ریزرو بینک آف انڈیا اور دیگر اداروں کے امتحانات کو علاقائی زبانوں میں تحریر کرنے کی اجازت دی جائے۔ اس طرح تمام ریاستوں کے طلبہ کو یکساں مواقع فراہم ہوں گے۔ مسابقتی امتحانات میں صرف تلگو اور ہندی کی شمولیت سے غیر ہندی اور انگلش میڈیم سے تعلیم حاصل نہ کرنے والے امیدواروں کو دشواری ہوسکتی ہے۔