مساجد و درگاہوں کی ترقی کیلئے مختلف اقدامات

   

انارم شریف کی عرس تقاریب کے موقع پر رکن اسمبلی و ایڈیشنل کلکٹر کا خطاب

ورنگل ۔/9فروری ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) حضرت سیدنا یعقوب شاہ ولی ؒ انارم شریف پروت گری منڈل ضلع ورنگل کے سہ روزہ عرس تقاریب کا بڑے پیمانے پر انعقاد عمل میں لایا گیا ۔ریاستی وقف بورڈ کے عہدیداروں کی موجودگی میں بھولے شاہ کے مکان سے پولیس کے معقول بندوبست کے دوران صندل مالی بارگاہ شریف لایا گیا ۔ عرس شریف میں رکن اسمبلی وردھنا پیٹ و ضلع صدر بی آر ایس آروری رمیش اور اڈیشنل کلکٹر ورنگل سریواستو کوٹہ نے بھی شرکت کی ۔فقراء نے اپنے فن کا مظاہرہ کیا ۔ضلع کلکٹر ورنگل ڈاکٹر بی گوپی کی ہدایت پر مختلف محکموں کے عہدیداروں بالخصوص وقف بورڈ انسپکٹر محمد ریاض پاشاہ کی نگرانی میں بہترین انتظامات کئے گئے ۔وقف بورڈ کی جانب سے 7بجے شب سے 10بجے شب تک تمام زائرین کے لئے لنگر کا اہتمام کیا گیا ۔بعد ازاں محفل سماع کا انعقاد عمل میں لایا گیا ۔اس موقع پر رکن اسمبلی آروری رمیش نے مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ انارم شریف علاقہ کی ترقی کے لئے اقدامات کئے جارہے ہیں ۔سابقہ حکومتوںنے اس علاقہ کو نظر انداز کیا تھا ۔لیکن تلنگانہ تشکیل کے بعد ریاستی حکومت نے مساجد اور درگاہوں کی ترقی کے لئے مختلف اقدامات کررہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ ضلع ورنگل ایک پر امن شہر ہے ۔یہاں ہندو مسلم اور دیگر طبقات کے افراد مل جل کر ہر تہوار مناتے ہیں ۔اس موقع پر ضلع اڈیشنل کلکٹر نے کہاکہ درگاہیں تمام طبقات کے لوگوں کو آپس میں اتحاد کا درس دیتے ہیں ۔ہر طبقہ کے افراد کو چاہیے کہ وہ دوسرے طبقہ کے افراد کا احترام کرے ۔یہی ہماری تہذیب ہے ۔اس موقع پر تمام مہمانوں کی گلپوشی و شالپوشی انجام دی گئی ۔اس موقع پر ریاستی وقف بورڈ کے عہدیدارجناب قاضی نور اللہ اسسٹنٹ سکریٹری ریاستی وقف بورڈ ،محمد غوث خان سینئر اسسٹنٹ ،محمد حامد علی جونیئر اسسٹنٹ ، سید اکبر ،شیخ شاہ ولی کے علاوہ مقامی ایم پی ٹی سی کو آپشن ممبر شیخ بشیر کے علاوہ حضرت حاجی محمد عبدالحمید شاہ میاں المعروف سیلانی بابا تخت نشیں خانقاہ سیلانیہ اگلا پور ،حضرت غلام حاجی محمد عبدالرحمن شاہ میاں المعروف عامر بابا ،خادمان سیلانیہ شیخ معین پرکال ،حافظ محمد اسد الرحمن ہنمکنڈہ ،سید مسعود پاشاہ ،محمد انور کے علاوہ مقامی عوامی نمائندوں اور زائرین کی کثیر تعداد موجود تھی ۔