مسجد الحرام میں زائرین کیلئے تیاریاں عروج پر

   

ریاض ۔ سعودی عرب میں مسجد الحرام انتظامیہ عمرہ زائرین اور نماز کے لیے مسجد الحرام آنے والوں کی تیاریاں جاری رکھے ہوئے ہے۔انتظامیہ کے سربراہ اعلیٰ عبدالرحمن السدیس نے مسجد الحرام میں ایڈوانسڈ تھرمل کیمرے نصب کروائے ہیں۔ یہ کام حرم مکی میں کورونا وائرس سے بچاؤ کے حفاظتی اقدامات کے تحت کیا گیا ہے۔ ویب سائٹ کے مطابق کورونا کے پھیلاو کو روکنے کے لیے عارضی پابندی کے بعد 4 اکتوبر سے مرحلہ وار عمرے کو بحال کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔ انتظامیہ نے مسجد الحرام اور مسجد نبویﷺ کو کورونا وائرس سے محفوظ کرنے کے لیے متعدد انتظامات کیے ہیں۔ تھرمل کیمرے جدید ترین ٹیکنالوجی سے آراستہ ہیں۔ ان کی خصوصیت یہ ہے کہ کوئی ایسا زائر اس کے سامنے سے گزرے گا جس کا درجہ حرارت حد سے زیادہ ہوگا تو یہ فورا ہی الارم سے مطلع کر دے گا۔موقع پر موجود انتظامیہ کے عہدیدار متاثرہ شخص کے حوالے سے حفاظتی تدابیر اختیار کریں گے تاکہ کسی بھی زائرکو وائرس نہ لگے۔ ڈاکٹر عبدالرحمن السدیس نے ماسک پروگرام بھی متعارف کروایا ہے۔ اس کی بھی پابندی زائرین سے کروائی جائے گی۔ السدیس نے کہا کہ یہ اقدامات کورونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے اور زائرین کی صحت و سلامتی کی خاطر کیے جا رہے ہیں۔ علاوہ ازیں ڈاکٹر عبدالرحمن السدیس نے خانہ کعبہ کو سینیٹائز کرنے کے کام میں بھی حصہ لیا۔ اوزون ٹیکنالوجی کی مدد سے خانہ کعبہ کو سینیٹائز کیا گیا ہے۔